جیک کیلس کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان
ڈربن (آئی این پی) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر جیک کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا، بھارت کے خلاف دوسرا ٹیسٹ جیک کیلس کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہو گا۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے سماجی روابط کے نیٹ ورک ٹویٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ آل راﺅنڈر جیک کیلس نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ بھارت کے خلاف ڈربن میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آخری میچ کھیلیں گے۔ اپنے ایک بیان میں جیک کیلس نے اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ اور مداحوں نے کیریئر کے دوران ان کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی کی جس کے باعث وہ طویل عرصہ تک جنوبی افریقہ کی نمائندگی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ون ڈے کرکٹ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنا آسان نہیں تھا لیکن ریٹائرمنٹ کے لئے بہتر وقت ہے۔اگر فٹ رہا تو ورلڈ کپ2015 ءبھی کھیلوں گا۔ واضح رہے کہ جیک کیلس نے 165ٹیسٹ میچز میں 55.12کی اوسط سے 58 نصف سنچریوں اور 44 سنچریوں کی مدد سے 13174رنز بنا رکھے ہیں۔انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 292 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔وہ جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں وہ چوتھے نمبر پر ہیں۔