نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز پہلے ون ڈے میں آج آمنے سامنے ہونگے

نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز پہلے ون ڈے میں آج آمنے سامنے ہونگے

  



آکلینڈ (اے پی پی) نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ (آج) جمعرات کو ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلا جائیگا۔ نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت برینڈن میک کولم جبکہ ویسٹ انڈیز کی ڈیوین براوو کریں گے۔ اس سے قبل میزبان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ میچوں میں شکست دے کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کی تھی۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان برینڈن میک کولم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں تاریخی فتح کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی ون ڈے سیریز بھی جیتنے کیلئے بے تاب ہیں، ویسٹ انڈین خطرناک ٹیم ہے ہمیں اس کی طاقت کا اندازہ ہے اسلئے ون ڈے سیریز میں کامیابی کیلئے ٹیم پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتاریں گے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈین ٹیم کے قائد ڈیوین براوو نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں شکست ماضی کا حصہ بن چکی، کیوی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں زیر کر کے ٹیسٹ سیریز میں شکستوں کا بدلہ چکا لیں گے۔

 ان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں شکست مایوس کن ہے تاہم اب کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ ون ڈے سیریز پر مرکوز ہے، کیوی ٹیم متوازن ہے اسلئے توقع ہے کہ سیریز کانٹے دار ہو گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 29 دسمبر کو نیپئر، تیسرا یکم جنوری 2014 کو کوئنز ٹاﺅن، چوتھا 4 جنوری کو نیلسن جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 8 جنوری کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ دو ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 11 جنوری کو آکلینڈ اور دوسرا 15 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...