نیٹوسپلائی کیخلاف دھرنا جاری ، تین کنٹینر پکڑ کر واپس بھیج دیئے : کارکنان
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنا 33 ویں دن بھی جاری ہے اور جمعرات کو کارکنان نے تین کنٹینر پکڑ لیے ۔ پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتیں ڈرون حملوں کے رد عمل میں احتجاجی طور پر نیٹو سپلائی لائن کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔پشاور،نوشہرہ،صوابی اور چارسدہ سمیت خیبرپختونخواہ کے مختلف شہروں میں کارکن ڈرون حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف دھرنا دیئے ہوئے ہیں، پارٹی رہنماﺅں کے مطابق کنٹینرز کے ڈرائیور کاغذات میں تبدیلی کر کے گاڑیوں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کارکن انہیں ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ احتجاجی دھرنے میں شامل کارکنوں نے جمعرات کو تین کنٹینرز پکڑ کر واپس بھیجنے کا دعوی کیا ہے۔