کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ نیٹو سپلائی گزرنے دیں گے:عمران خان
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ خیبر پختونخوا سے نیٹو سپلائی گزرنے دیں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے ڈرون کے خلاف باتیں کرنے والے آج ہم پر تنقید کررہے ہیں لیکن وہ ڈالر لے کر پختونوں کے سر کا سودا کرنے والوں میں سے نہیں اور ڈرون حملوں کے خلاف اپنے موقف پر قائم ہوں۔انتخابات سے قبل انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ نیٹو سپلائی نہیں گزرنے دیں گے، ان کی جماعت آج بھی اپنے وعدے پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جب تک امن نہیں آئے گا اس وقت تک نہ سرمایہ کاری ہوگی اور نہ ہی ترقی کے راستے کھلیں گے۔ اس لئے جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے اس وقت تک نیٹو سپلائی بند رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی دنیا میں نیوٹرل امپائر کا تصور وہ لے کر آئے تھے، خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں بھی کبھی مداخلت نہیں کی جبکہ صوبے میں تمام حلقہ بندیاں قانون کے مطابق ہوئی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر ان کے خدشات دور کرکے بلدیاتی انتخابات کرائیں گے، ہم مقامی حکومتوں کو جتنا فنڈز دے رہے ہیں کسی صوبے نے اتنی رقم نہیں دی۔