تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی مرتبہ صوبے میں سودی کاروبار کے خلاف جہاد شروع کیا:شہرام خان ترکئی

تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی مرتبہ صوبے میں سودی کاروبار کے خلاف جہاد شروع ...
تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی مرتبہ صوبے میں سودی کاروبار کے خلاف جہاد شروع کیا:شہرام خان ترکئی

  

صوابی(ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت اورپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت پہلی حکومت ہے جس نے صوبے میں سودی کاروبار کے خلاف جہاد شروع کیاہے اورصوبے کو اس لعنت سے پاک کرنے کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی ہے اس سے پہلے کسی کو بھی یہ توفیق نہیں ہوئی کہ وہ معاشرے سے سودی کاروبار کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھائے ۔

صوابی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہرام تراکئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام سے تبدیلی کا جو وعدہ کیاتھا وہ وعدہ پورا ہورہا ہے ،صحت ،تعلیم اور پولیس سمیت ہرشعبے میں لوگ مثبت تبدیلیاں محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صرف ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ یہ تبدیلی عدل وانصاف ،خوشحالی اور ترقی کانام ہے جس میں قائدین اور کارکنان سب برابر ہیں جواس پارٹی کی بڑھتی عوامی مقبولیت کی بنادی وجہ ہے۔ شہرام خان تراکئی نے کارکنان پر زوردیا کہ وہ نظام میں تبدیلی لانے کے لئے سب سے پہلے خود کو تبدیل کریں ،نظام اورمعاشرے میں خودبخود تبدیلی آئے گی۔ صوبے کے مستحق افراد کوعلاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے شروع کردہ صحت سہولت پروگرام کاتذکرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسا غریب دوست منصوبہ کسی بھی حکومت نے آج تک شروع نہیں کیا ،یہ غریبوں کا منصوبہ ہے جس کے تحت پارٹی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے تمام مستحق لوگوں کو تمام ترسیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہوکرہیلتھ انشورنس کارڈز جاری کئے جارہے ہیں۔

مزید :

صوابی -