پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک بحریہ کی آپریشنل مشقوں کا معائنہ کرتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ گوادر پورٹ اور سی پیک کے منصوبوں کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت دے رہی ہے۔ وطن عزیز کی بحری حدود کی حفاظت کے معاملے میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے آپریشنل مشقوں کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوان اپنی تمام ترصلاحیتوں کو ملکی دفاع کے لئے بروئے کار لارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے اِن خیالات کا اظہار پی این ایس نصر سے بحری مشقوں کے معائنے اور پاک بحریہ کی آب دوز پر خصوصی بریفنگ کے بعد کیا۔ وزیر اعظم عباسی نے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کے عزم ، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جنگی مہارت کی تعریف کی۔ بلاشبہ ہماری مسلح افواج کی مہارت اور صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ جذبۂ شوقِ شہادت کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے۔ جن ملکوں کی مسلح افواج پاک وطن کی افواج سے دوستانہ مشقیں کرچکی ہیں، وہ ہماری اعلیٰ صلاحیتوں اور مہارت کی تعریف کرتی ہیں۔ ہم بجا طور پر فخر کرسکتے ہیں کہ چین، روس، سعودی عرب، ترکی ایران، فرانس، برطانیہ، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے ساتھ فوجی مشقوں کے بعد ہماری مسلح افواج کو دنیا کی بہترین اور باصلاحیت افواج قرار دیا جاتا رہا ہے۔
ہم اس بات پر بھی فخر کرسکتے ہیں کہ کئی ملکوں کے فوجی دستوں کی اعلیٰ تربیت بھی ہمارے ہاں ہوتی ہے۔ ہماری تینوں مسلح افواج نے وقت آنے پر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو شاندار انداز میں منوایا ہے۔ جہاں تک پاک بحریہ کی شاندار خدمات کی بات ہے،وہ پاک وطن کی سمندری حدود کی بھرپور طریقے سے حفاظت کررہی ہے، کبھی کوئی کمی محسوس نہیں ہوئی۔ 1965ء میں جب ازلی دشمن بھارت نے زمینی فوج اور ائیر فورس سے بُری طرح مار کھانے کے بعد بحریہ کے ذریعے کارروائی کی دھمکی دی تھی تو پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے بھارتی اڈے دوارکا پرحملہ کرکے اُسے تباہ کردیا تھا اور بھارت آج بھی اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔ دوارکا کی تباہی کے بعد نصف صدی گزرنے کے باوجود اسے جرأت نہیں ہوسکی کہ وہ ہماری بحری حدود کی خلاف ورزی کے بارے میں سوچے۔ موجودہ حالات میں گوادر پورٹ اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کے حوالے سے بھی پاک بحریہ پوری طرح چوکس ہے کہ دشمن کو کسی بھی وقت مُنہ توڑ جواب دینے کے لئے اس کی صلاحیت پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔