مصر الشرقیہ گورنری می پولیس کی کاروائی ،9دہشت گرد ہلاک

مصر الشرقیہ گورنری می پولیس کی کاروائی ،9دہشت گرد ہلاک

 قاہرہ (این این آئی)مصر کی الشرقیہ گورنر ی میں پولیس کے ساتھ جھڑپ میں نو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔مصر کی وزارتِ داخلہ کے ایک بیان کے مطابق یہ دہشت گرد الشرقیہ میں واقع علاقے الصالحیہ الجدید میں ایک فارم میں چھپے ہوئے تھے ۔انھیں وہاں ہتھیار چلانے کی تربیت دی جاتی تھی اور وہ وہاں سے شمالی سیناء میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کیا کرتے تھے۔ہلاک شدہ دہشت گرد صوبہ شمالی سیناء میں بم نصب کرنے ، سکیورٹی تنصیبات اور فوجی گاڑیوں پر بم حملوں کے واقعات میں ملوث تھے۔ان کے حملوں میں متعدد پولیس اہلکار ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے اتوار کو علی الصباح ان کی خفیہ کمین گاہ پر چھاپا مار کارروائی کی تھی ۔انھیں دیکھ کر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی تھی اور جوابی کارروائی میں نو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان کے قبضے سے خود کار مشین گنیں اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔دریں اثناء مصری سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت قاہرہ میں نو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ان کے قبضے سے ایک مشین گن، گولہ بارود ، ٹی این ٹی اور دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والا دوسرا مواد برآمد ہوا ہے۔وزارتِ داخلہ کے مطابق گرفتار کیے گئے دہشت گردوں میں سے چار اس سال جولائی میں جیزہ میں سکیورٹی فورسز پر ایک حملے میں ملوث تھے۔

اس حملے میں ایک آرمی ریکروٹ اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا تھا۔وزارت کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردوں اور کالعدم تنظیم الاخوان المسلمون کے درمیان منظم تعلق کا بھی پتہ چلا ہے اور انھوں نے اس مؤخر الذکر تنظیم سے وابستہ ایک جماعت سے رقوم بھی حاصل کی تھیں۔

مزید : عالمی منظر


loading...