واپدا کو شکست ، قائد اعظم ٹرافی سوئی ناردرن کے نام

واپدا کو شکست ، قائد اعظم ٹرافی سوئی ناردرن کے نام

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے محمد حفیظ کی قیادت میں دفاعی چیمپئن واپڈا کو شکست دے کر چوتھی بار قائد اعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں سوئی ناردرن نے واپڈا کو 103 رنز سے شکست دی۔، 257 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن واپڈا کی ٹیم 153 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔سوئی نادرن کے سمیع اللہ نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 8کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سوئی ناردرن کے سمیع اللہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پانچ روزہ میچ کے آخری دن سوئی ناردرن کو جیت کے لیے صرف 3 وکٹیں درکار تھیں۔سوئی ناردرن کے باؤلرز نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپڈا کے آخری تین کھلاڑیوں کو ابتدائی 50 منٹوں میں ہی پویلین واپس بھیج دیا۔واپڈا کے آخری تین بیٹسمین پانچویں روز صرف 11 اوورز ہی وکٹ پر ٹھہر سکے، سوئی ناردرن کی جانب سے سمیع اللہ نیازی نے مزید تین شکار کیے اور میچ میں مجموعی طور پر 129 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں۔

پانچویں روز واپڈا نے 108 رنز 7 کھلاڑی ا?ؤٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو سمیع اللہ نیازی نے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر خوشدل شاہ کی وکٹ لے کر فتح کو یقینی بنادیا۔10 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے وہاب ریاض نے کچھ دیر مزاحمت کی اور 30 گیندوں پر 24 رنز بناڈالے لیکن وہ بھی سمیع اللہ نیازی کا شکار ہوگئے۔سمیع اللہ نے اپنے اگلے اوور میں سوئی ناردرن کی جیت میں آخری رکاوٹ وقاص مقصود کو بھی ٹھکانے لگادیا جبکہ خالد عثمان 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔سمیع اللہ نیازی کو بہترین کارکردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل سوئی ناردرن کی ٹیم 2008، 2014 اور 2015 میں بھی قائد اعظم ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے۔فاتح ٹیم کو ٹرافی اور 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی جس کے بعد فاتح کپتان محمد حفیظ نے گفتگو میں کہا کہ ٹیم کی کامیابی تمام کھلاڑیوں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔رنر اپ ٹیم واپڈا کے کپتان سلمان بٹ نے فائنل جیتنے کا موقع ضائع ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوئی ناردرن کو شاندار کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں پاکستان واپڈا نے ٹاس جیت کر سوئی ناردرن کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، سوئی ناردرن ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 259 جبکہ دوسری اننگز میں 268رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اسی طرح پاکستان واپڈا اپنی پہلی اننگز میں 271جبکہ اپنی دوسری اننگز میں 153رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...