پی ٹی آئی اقتدار میں آکر انقلابی پالیسیاں لائے گی ،عبدالعلیم

پی ٹی آئی اقتدار میں آکر انقلابی پالیسیاں لائے گی ،عبدالعلیم

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کا کہناہے کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر انقلابی پالیسیاں لائے گی ، عمران خان کے وزیر اعظم بننے میں ہی ملک و قوم کی بقاء ہے جنہوں نے 21سالہ محنت کے ذریعے ذاتی نہیں قومی سیاست کی اور طرح طرح کے الزامات کے باوجود قائد اعظم کی طرح اپنی جدوجہد کو جاری رکھا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس کے مقابلے میں شریف فیملی کو جب بھی اقتدار ملا اپنے کاروبار کو بڑھاوا دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا وہ یہاں پی پی 147کے پارٹی کارکنوں سے کرسمس اور یوم قائد اعظم کے حوالے سے منعقدہ مشترکہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں طاہر الطاف،اسلام بھائی ، معظم قادری ،لالہ رفیق ،رضوان یوسف۔شہاب خان ،ناصر جٹ ،ولیم بھٹی، ناصر صدیقی ،مبین کمبوہ ، جاوید یوسف ، ذوالقرنین ذکی ،سلیم شبراتی اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ2018کے عام انتخابات میں ملک بھرکی طرح لاہور شہر سے بھی شیر دم دبا کر بھاگے گا اور کامیابی عمران خان کا مقدر بنے گی ،انہوں نے کہا کہ لاہور جیسے بڑے شہر کو زہر آلود پانی ،بد ترین امن و امان اور تعلیم و صحت کی انتہائی غیر معیاری سہولتیں دینے والے حکمران عوامی غیض و غضب سے بچ نہیں سکیں گے اور انہیں لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہو گا انہوں نے کہا کہ بطور صوبائی وزیر 2003سے2007تک انہوں نے ان علاقوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جنہیں نواز لیگ کی حکومت نے جاری رکھنا بھی گوارہ نہیں کیا لیکن اب عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے اور پی پی147اور پی پی148کی طرح این اے 122میں بھی پی ٹی آئی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی پی147سے ان کا سیاسی رشتہ15سال پر محیط ہے اور وہ یہاں کے عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی ہر کال پر ہمیشہ لبیک کہا ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی فیصلے کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑیں گے اور ان کی کوشش ہو گی کہ اپنے پورانے حلقے کے ساتھ چلیں اس موقع پر پی ٹی آئی کے زیر اہتمام کرسمس اور یوم قائد اعظم کا کیک کاٹا گیا اور کارکنوں نے وزیر اعلیٰ عبدالعلیم خان اور ہماری جند ہماری جان عبدالعلیم خان کے نعرے لگائے اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -