ذاتی خواہشات سے نکل کر اجتماعی مفادات کو مدِ نظر رکھنا ہو گا ، رفیق رجوانہ
لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان 21کروڑ عوام کا ملک ہے ،تمام سیاسی جماعتیں محب وطن ہیں، ضرورت اس چیز کی ہے کہ ہمیں ذاتی خواہشات سے نکل کر اجتماعی مفادات کو مدِ نظر رکھنا ہے جو وقت کی آواز اور ہم سب کا فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم خیبر پختون خواہ کے 50رُکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے دولت خاں کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء نے قانون کی بالادستی قائم کرنے ، عدل و انصاف کی فراہمی میں مدد دینے کے ساتھ ساتھ جمہوری اداروں کے استحکام اور ملک میں جمہوری قدروں کو پروان چڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء ایسا طبقہ ہے جو ملک کے ہر کونے میں اپنی پہچان رکھتا ہے۔ انہوں نے وکلاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہڑتال کا کلچر کم ہونا چاہئے ، وکلاء کوسائل کی داد رسی کو اپنا دینی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وکالت کے شعبہ سے وابستہ ہونے کے ناطے وہ وکلاء برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور ان کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے ہر ممکن کوششیں کررہی ہے ۔اس موقع پر وکلاء نے گورنر پنجاب کو ڈسٹرکٹ مردان بار آنے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
رفیق رجوانہ