غزہ ، اسرائیلی فوج کا کرسمس جلوس پر حملہ ، صٖحافی سمیت متعدد زخمی

غزہ ، اسرائیلی فوج کا کرسمس جلوس پر حملہ ، صٖحافی سمیت متعدد زخمی

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت(کرسمس) کی مناسبت سے نکالے گئے ایک جلوس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں فوٹو گرافر صحافی سمیت متعددشرکاء زخمی ہو گئے ،دوسری جانب چند روز قبل غزہ کی پٹی میں بیت المقدس کے دفاع میں نکالی گئی ریلی پراسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا ایک فلسطینی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز دم توڑ گیا جس کے بعد گزشتہ بیس دنوں میں شہدا کی تعداد15ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق کرسمس ریلی کے دوران شرکا نے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کے حوالے کئے جانے کے امریکی اعلان کیخلاف نعرے بازی کی جس پر قابض فوج نے ریلی کے شرکاء کو منتشر کرنے کیلئے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کیساتھ ربڑ کی گولیاں بھی فائر کیں ۔ قابض فوج کے وحشیانہ تشدد سے ترک خبر رساں اداریاناطولیہ کے ایک فوٹو گرافر سمیت متعدد شہری زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین مکمل طور پر پرامن تھے، انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے مگر اس کے باوجود قابض فوج نے نہتے مظاہرین پر آ نسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ادھرغزہ وزارت صحت کے مطابق ایک مقامی ہسپتال میں زیرعلاج17سالہ محمد سامی الدحدوح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔الدحدوح جمعہ کوشمالی غزہ کی پٹی میں جبالیا کے مقام پر ہونیوالے مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا تھا،اسی علاقے میں دو دیگر فلسطینی شہری شہید جبکہ دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے تھے، ان میں سے تین کی حالت بدستور تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ اسرائیلی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی علاقے سے مزید 30 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے دریائے اردن کے مغربی علاقے سے مزید 30 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری اعلان میں بتایا گیا ہے کہ دریائے اردن کے مغربی علاقے میں رات کے وقت چھاپہ مار کاروائی کے دوران مبینہ طور پردہشت گردی میں ملوث 30 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ ان میں سے 8 فلسطینیوں کا تعلق نبلوس شہر کے قصہ گاں سے ہے ۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوج دریائے اردن کے مغربی علاقے اور مشرقی القدس سے متعدد بہانوں کیساتھ فلسطینیوں کو گرفتار کرتی چلی آ رہی ہے ۔

اسرائیلی فوج

مزید : صفحہ آخر


loading...