بچے اور نوجوان قوم کا مستقبل ہیں ، ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا اور مل کر آگے بڑھنا چاہیے : ممنون حسین

بچے اور نوجوان قوم کا مستقبل ہیں ، ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا اور مل کر آگے ...

  

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بچے اور نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور پاکستان کی نصف آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ہمارا سرمایہ ہیں۔نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ قائد اعظم کے افکار اور تعلیمات کی روشنی میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں قائداعظم کی سالگرہ کے حوالے سے منعقد کیے گئے بچوں کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں بچوں نے اپنے عظیم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں موجودہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے اقتصادی شعبے میں ترقی ہوئی ہے۔انھوں نے کہا کہ اگلے سال کے آخر تک جی ڈی پی کی شرح چھ فیصد ہونے کی امید ہے اور آئندہ تین چار برسوں میں اسے آٹھ فیصد تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری موجود ہ صدی کا عجوبہ ہے جس سے اس خطے کی قسمت بدل جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک کی فعالی کے بعد پاکستان اس خطے کا اہم ملک بن جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کئی ممالک کے رہنماوں نے سی پیک سے منسلک ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ چین بھی اس سے بھر پور استفادہ کررہا ہے۔ چین جو اپنے سامان کے ترسیل کے لیے دس ہزار کلو میٹر سے زائد کا فاصلہ طے کرتا تھا اب وہ سی پیک کی وجہ سے یہ فاصلہ کم ہو کر ڈھائی سے تین ہزار کلو میٹر پر آگیا ہے۔صد رمملکت نے بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظم ،ڈاکٹر علامہ محمد اقبال اوراس دور کے دیگر قائدین کو اپنا آئیڈیل بنائیں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔اس پروقار تقریب میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے قائداعظم کے دن کے حوالے سے قومی نغمے گائے اور ٹیبلو پیش کیے جنھیں صدر مملکت ، خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین اور معز ز مہمانوں نے خوب سراہا۔ تقریب میں گلوکارہ حمیرا ارشد، علی عباس اور اویس نیازی نے بھی ملی نغمے گا کر قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر صدر مملکت بچوں میں گھل مل گئے اور قائداعظم کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

ممنون حسین

مزید :

صفحہ آخر -