پاکستان علماء کونسل کا بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کو پھانسی دینے کا مطالبہ

پاکستان علماء کونسل کا بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کو پھانسی دینے کا مطالبہ

  

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان علماء کونسل نے بھارتی دہشت گرد جاسوس کل بھوشن یادو کو پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا ،ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کیخلاف کسی بھی طرح نرمی نہ کی جائے۔ داعش جیسی دہشت گرد تنظیمیں بیت المقدس اور حرمین شریفین کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ مسلم حکمرانوں نے مجرمانہ خاموشی ترک نہ کی تو پورا عالم اسلام دہشت گردی کی لپیٹ میں آجائے گا۔ امریکہ سمیت پوری دنیادہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔ پاکستان ،سعودی عرب ، ترکی مسجد اقصیٰ اور حرمین شریفین کے دفاع وسلامتی کو یقینی بنانے کیلئے اپنا قائدانہ کردار اداکریں ۔نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس امر کا اظہار گزشتہ روزپاکستان علماء کونسل کے تحت ’’علماء کنونشن ‘‘میں کیا گیا ہے ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے صدارت کی ۔ جاری بیان کے مطابق کنونشن میں مقررین نے کہا ہے کہ انتہاپسنداور دہشت گرد گروہوں کے نظریات کے مقابلہ کیلئے علماء کو میدان میں آنا ہوگا۔ پاکستان کومذہبی ہم آہنگی سے زیادہ سیاسی رواداری کی ضرورت ہے ۔امریکہ وبھارت کی منافقانہ پالیسیوں کی وجہ سے خطے میں دہشت گرد اور انتہاپسند عناصر کو تقویت ملی ہے ۔ پاک فوج اور پاکستانی قوم نے ملکر دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شکست دی ہے۔ امریکہ افغانستان کی جنگ کو پاکستان منتقل کرکے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ اور باطل قوتوں کے نظریات کے مقابلہ کیلئے علماء اپنے آپ کو تیار کریں ۔ نوجوان نسل کوباطل قوتوں کے نظریات سے بچانا علماء اور منبر ومحراب کی ذمہ داری ہے۔ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ اسلام وپاکستان دشمن قوتیں دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ بھارت افغانستان کے ذ ریعے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کروارہا ہے۔ امریکہ ،اسرائیل، انڈیا گٹھ جوڑ کا مقصد پاکستان میں جاری ترقی وخوشحالی کے منصوبوں کو روکنا ہے۔پاکستان علماء کونسل انتہاپسندی ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشت گرد جاسوس کل بھوشن یادو کو پھانسی دی جائے اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث عناصر کیخلاف کسی بھی طرح نرمی نہ کی جائے۔

پاکستان علماء کونسل

مزید :

صفحہ آخر -