پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار جوش و جذبے سے منایا گیا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار جوش و جذبے سے منایا گیا

اسلام آباد ،لاہور،ویٹی کن سٹی (آئی این پی ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم پیدائش کے سلسلے میں کرسمس کی خوشیاں منا ئیں ، دعائیہ تقریبات میں ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں، سانتا کلاز نے لوگوں میں تحائف تقسیم کیے ۔ پیر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار روایتی جوش و جذبے سے منایا۔ گرجا گھروں، مسیحی افراد کے گھروں اور محلوں میں خصوصی طور پر کرسمس ٹری اور ڈیوڈ اسٹارز آویزاں کئے گئے ، اس کے علاوہ گھروں اور گزر گاہوں کو برقی قمقموں سے بھی سجایا گیا ۔کرسمس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز اتوار کی رات سے گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات سے ہوا۔ جس میں مسیحی برادری نے ملک کی بقا و سلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی ۔ دن کے آغاز کے ساتھ ہی مسیحی افراد کی جانب سے ایک دوسروں کو تحائف اور خصوصی کرسمس کیک کا تبادلہ کیا ۔ ملک میں امن و امان کی صورت حال اور آپریشن ردالفساد کے تناظر میں گرجا گھروں اور تفریحی مقامات پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔ مرد و خواتین اور بچوں نے مذہبی تہوار کے حوالے سے خریداری بھی کی۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) نے اندرون اور بیرون ملک اپنی مختلف پروازوں میں کرسمس کی خوشیاں اپنے مسافروں میں بانٹنے کے لیے بچوں میں تحائف، ٹافیاں اور چاکلیٹس تقسیم کیں۔اس موقع پر کیبن کریو نے سانتا کلاز کا روپ دھار کر تحائف تقسیم کیے۔سانتا کلاز لوگوں میں تحائف تقسیم کررہے ہیں جبکہ گرجا گھروں میں سروس کا سلسلہ جاری ہے۔کرسمس کی مرکزی تقریب ویٹی کن سٹی میں ہو ئی جس سے پو پ فرانسس نے کرسمس کا روایتی خطاب کیا جسے ہزاروں افراد نے سنا جب کہ ویٹی کن میں مرکزی تقریب کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ ویٹی کن سٹی میں کرسمس سے متعلق شب بیداری کے موقع پر شرکا سے خطاب میں پو پ فرانسس نے پناہ گزینوں کے مسئلے پر زور دیا اور کہا کہ دنیا کو لاکھوں پناہ گزینوں کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں کو جبراً ملک سے انہی کے سربراہ نے نکالا اور انہیں معصوم لوگوں کا خون بہانے میں کوئی مسئلہ بھی نہیں ہوا۔برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت اکثر یورپی ممالک میں شدید ترین سردی اور برف باری کے باوجود کرسمس تقریبات جاری ہیں۔

کرسمس

مزید : صفحہ اول


loading...