پاکستان کا قیام اسلاف کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے :مظفر سید ایڈوکیٹ
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے لئے جداگانہ مملکت کا حصول ایسا کارنامہ ہے جس کی وجہ سے پاکستانی قوم ایک آزاد ملک میں آزادی کی زندگی بسر کر رہی ہے ۔ پاکستان اس وقت بابائے قوم کی امنگوں کے مطابق تیز رفتار ترقی کرسکے گا جب ان کے اصولوں ’’کام ، کام اور زیادہ کام ‘‘پر ہر پاکستانی خواہ وہ سیاستدان ہو ، معمار قوم ہو ، سرکاری ملازم ہو یا کوئی اور پیشے سے تعلق رکھتا ہو یقینی عمل کرے اور ملک و ملت کے لئے اپنی ذمہ داریاں دلی جذبے اور پوری ایمانداری کے ساتھ نبھائیں ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا حصول ہمارے اسلاف کی لازوال قربانیوں کے بدولت ممکن ہوا ہے اور ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے ۔ انہو ں نے کہا کہ بانی پاکستان سے محبت کا بہترین ذریعہ یہ ہے کہ ہم ا نکی قیادت میں کئے گئے جدوجہد سے حاصل کردہ پاکستان میں ان کے بتائے ہوئے اصول اپناکر بحیثیت مجموعی اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں او راس عظیم ملک کو اقوام عالم میں ایک زندہ و تابندہ قوم کے طور پر پیش کرنے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں ۔ صوبائی وزیر خزانہ نے مسیحی برادری کو کرسمس کے پرمسرت موقع پر دلی مبارک باد دی ہے اور انہیں یقین دلایا کہ ہم ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے جو تمام اقلیتوں کے حقوق کی تحفظ کا درس دیتا ہے ۔