قائدکے اقوال پر عمل کرنے کی ضرورت ہے،میجر(ر)طاہراقبال
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ہم قائداعظم کی سوچ اور فکر پر عمل کر کے ہی پاکستان کو ایک عظیم ملک اور اپنے آپ کو ترقی یافتہ قوم بنا سکتے ہیں۔ عہد حاضر میں ہمیں اُن کے اقوال ایمان، اتحاد اور تنظیم پر زیادہ عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال نے آج یہاں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہال چکوال میں یومِ ولادتِ قائداعظم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر، ADCG چکوال، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ، ڈی او ایجوکیشن، ایکسین سمال ڈیمز، معروف سماجی شخصیت راجہ مجاہد افسر، چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر، چکوال چیمبر آف کامرس کے چیئرمین حاجی نذیر سلطان، معروف عالم دین علامہ عبد الحلیم نقشبندی کے علاوہ سماجی و سیاسی شخصیات، سکولز و کالجز کے پرنسپلز، پروفیسرز، اساتذہ کرام، طلباء و طالبات کے علاوہ معززین شہر کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کا اہتمام ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کی ہدایت پر تقریبات یومِ قائداعظم محمد علی جناح کے تحت کیا تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز کلامِ پاک، نعت رسول مقبولؐ سے ہوا۔ تقریب میں مختلف سکولوں و کالجوں کے طلباء و طالبات نے بانی پاکستان محمد علی جناح کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے تقاریر کیں اور ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب سے مختلف کالجوں کے پروفیسر صاحبان نے بھی عظیم قائد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ممبر قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال نے کہا کہ بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے اُن کا یومِ ولادت مناتے ہیں۔ ہمیں دورِ حاضر میں اُن کے اقوال ایمان، اتحاد، تنظیم سنجیدگی کے ساتھ عمل کر کے اپنے ملک کو اُن کی خواہش کے مطابق دُنیا کا عظیم ملک بنانا ہے۔ یہ قائداعظم ہی تھے جن کی انتھک محنت اور کوششوں کی بدولت مسلمانانِ ہند کو آزادی نصیب ہوئی۔ بانی پاکستان تاریخ کی اُن شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے تاریخ کو قابل فخر انداز میں موڑا اور مسلمانوں کے لئے ایک الگ ریاست کے قیام کو تشدد کے بغیر منطق، دلیل اور اُصولی مؤقف کے زور پر ممکن بنایا۔ یہ قائداعظم ہی تھے کہ جنہوں نے برصغیر میں قابض انگریزوں، مکار ہندوؤں اور کئی مسلمان سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی مخالفتوں کے باوجود اپنے اُصولی مؤقف اور پختہ ارادے کی بدولت اُس وقت کے 10 کروڑ مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان بنا کر بیسویں صدی کا عظیم کارنامہ سر انجام دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چکوال نے بانی پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم اُمورِ ریاست، مذہبی آزادی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد کے اُصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم پر آج زیادہ سے زیادہ عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم قائد کے اس فلسفے پر خلوصِ دل کے ساتھ عمل کر کے اس ملک کو ترقی یافتہ، امن کا گہوارہ اور دُنیا کی عظیم قوم بنا سکتے ہیں۔ تقریب سے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ہسٹری پروفیسر انجم فاروق، پروفیسر محمد مسعود کے علاوہ طلباء و طالبات نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم ۔ این۔ اے میجر طاہر اقبال ،ایم ۔پی۔اے سردار ذولفقار دلہہ اور انچارج ایم۔این۔اے سیکرٹریٹ ملک نعیم اصغر اور دیگر رہنماوں نے ہمراہ چوہدری طاہر ایوب ، محسن خان مغل شمالی علاقہ جات بکھاری خورد، پنڈمغلاں ، ہراج، نارنگ کے علاقہ جات کا دورہ کیا ۔ مسلم لیگ کے تمام رہنماوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ علاقہ میں ترقیاتی کام پہلے بھی کرائے گئے ہیں لیکن الیکشن کے بعد مزید کاموں کو وسعت ملے گی ۔علاقہ میں تمام گاوں کے لوگوں سے ملاقات بھی کی گئی اور تفصیلاََ مسائل کو بھی سنا گیا ۔اہلِ علاقہ کی نمائندہ ٹیم :: فائٹ فار رائٹ:: نے بتایا کہ پرائمری سکول کو مڈل ، ہسپتال ، گیس، ٹیلیفون ایکسچینج اور کارپٹ روڈ کی ضروریات بنیادی ہیں جو ہمیں نہیں ملیں۔جس پر میجر طاہر نے بتایا کہ مڈل سکول کے لیے ایک درخواست لکھ کر پہنچائی جائے جبکہ ہسپتال کے لیے فوراََ کام شروع کر دیا جائے گا ۔سردار ذولفقار دلہہ کا کہنا تھا کہ کارپٹ روڈ کا کام شروع ہو چکا ہے اور یہ روڈ منگوال سے دلہہ انٹرچینج کو لنک کرے گی ۔ یہ روڈ ہراج پنڈ بکھاری کے قریب سے گزرے گی جس سے تمام علاقوں کے لوگوں کوسہولت ہو گی اور باقی سہولیات کو بھی جلد از جلد ممکن بنایا جائے گا ۔ میجر طاہر اور سرردار ذولفقار دلہہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے PP-20کے لیے گرانٹ مختص ہو چکی ہے جو 9جنوری کے بعد جاری ہو گی اور اس گرانٹ میں پہلی ترجیح میں ان علاقوں کی سہولیات کو رکھا جائے گا ۔ اہلِ علاقہ اور فائٹ فاررائٹ کی ٹیم نے تمام نمائندگان کا بھر پور شکریہ ادا کیا