قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرنے سے ہی ترقی ممکن ہے ،گورنر سندھ

قائد اعظم کے اصولوں پر عمل کرنے سے ہی ترقی ممکن ہے ،گورنر سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ بابائے قوم کے یوم پیدائش پر مزار قائد پر حاضری دی ، مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پرچیف سیکریٹری سندھ ایم رضوان میمن ، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔بعد ازاں مزار پر رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات میں گورنر سندھ نے تحریرکیا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ ایک عظیم قانون دان ، اصول پسند رہنما اور وژنری شخصیت کے مالک تھے جن کی انتھک محنت ، لگن اور جدوجہد کے باعث برصغیر کے مسلمانوں اپنے لئے علیحدہ ریاست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ،25 دسمبر کا دن ہمیں اپنے عظیم قائد کی طرح ملک و قوم کے لئے انتھک محنت کا درس دیتا ہے،قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن پر عمل کرکے ہی ملک کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،بابائے قوم کے افکار اور طرز سیاست ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے اتحاد و اتفاق اشد ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتی برادری کا تحفظ اور انھیں حقوق کی فراہمی بابائے قوم کی تعلیمات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ اقلیتوں کے تحفظ اور انھیں حقوق کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔