گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے قائداعظم محمد علی جناح کے افکار و خیالات پر عمل پیرا ہونے میں قوم کی خوشحالی ہے، بانی پاکستان کے وژن کے مطابق اس ملک کو چلانا ہے۔ یہ بات انہوں نے گورنر سندھ محمد زبیر ،سندھ کابینہ کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 142ویں یوم ولادت کے موقع پر مزار قائد پر پھول چڑھا نے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ آج قائداعظم محمد علی جناح کی یوم ولادت کے موقع پر انکی مزار پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کی۔بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار اور ملک و قوم کے مفادات کے مطابق کام کر ر ہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ہم اس کیلئے ماضی کی طرح قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے اور اپنے قائدین شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل کرتے رہیں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کرسمس کے تہوار کے موقع پرملک سمیت سندھ بھر کے مسیحی برادری کو مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان و دیگر حکام بھی موجود تھے۔