عامر اور وہاب کا شکریہ جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی‘ راشدلطیف

عامر اور وہاب کا شکریہ جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی‘ راشدلطیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان راشد لطیف نے فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض کا ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وارننگ بھی دی ہے کہ نئے باؤلرز ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ میں بھی اپنی جگہ بنا لیں گے۔تفصیلات کے مطابق راشد لطیف نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ”میں محمد عامر اور وہاب ریاض کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی۔ اب نسیم شاہ اور شاہین آفریدی جیسے نوجوان باؤلرز دیگر فارمیٹس میں بھی اپنی کارکردگی سے آپ پر دباؤ  ڈالیں گے۔جو بھی کرکٹ سے بھاگا، کرکٹ اس کے پاس کبھی نہیں گئی۔ نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین وائٹ بال کرکٹ میں بھی آپ کا متبادل ثابت ہوں گے۔“انہوں نے عابد علی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ”عابد علی نے راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میچ میں سنچریاں بنا کر ٹیم کا مائنڈ سیٹ ہی بدل دیا اور وہ کھلاڑی جو اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے تھے، انہیں بھی عابد علی کی کارکردگی سے امید مل گئی۔ عابد علی نے دیگر کھلاڑیوں کو دکھایا ہے کہ کرکٹ کا کون سا برانڈ کھیلنا ہے۔ انہیں 10 سال نظرانداز کیا جاتا رہا لیکن اب وہ چھا گئے ہیں اور ان تمام کرکٹرز کا متبادل ثابت ہوئے ہیں جن کی خاطر انہیں نظرانداز کیا جاتا رہا۔“