ہسپتالوں میں پابندی کے باوجود نجی تنظیموں کو زکوٰۃ وصولی کے ٹھیکے جاری،سیکرٹری صحت نے نوٹس لے لیا
لاہور (جاوید اقبال)ٹیچنگ ہسپتالوں نے زکوۃاکٹھی کرنے کا کام بھی ٹھیکے پر دے دیا ہے یہ ٹھیکے بغیر کسی تشہیر کے جاری کیے گئے ہیں لاہور میں زیادہ تر ٹھیکے ماضی میں کرپشن میں ملوث رہنے والی تنظیم کے لوگوں کو دیے گئے ہیں 2 سال قبل سابق سیکرٹری نجم احمد شاہ نے تحقیقات کرائیں تو یہ بات سامنے آئی کہ چھوٹے بڑے ہسپتالوں نے زکوٰۃجمع کرنے کے لئے ٹوگیدر نامی تنظیم کے معین چشتی سمیت دیگر لوگوں کوٹھیکے دے رکھے تھے، تحقیقاتی کمیٹی نے انہیں رپورٹ دی کہ یہ تنظیم تمام ہسپتالوں میں غیر قانونی طور پر دفاتر بھی قائم کیے ہوئے ہے جس کے بجلی،سوئی گیس اور پانی کے بل بھی ہسپتال ادا کرتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسی تنظیمیں زکوٰۃ سے کمیشن تو حاصل کرتی ہیں مگر ماہانہ لاکھوں روپے کی خورد برد الگ سے کر جاتی ہیں اس کا فوری طور پر سا بق سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے نوٹس لیا اور تمام ٹھیکے منسوخ کر دیئے اور اس تنظیم سے دفاتر بھی واپس لے لیے، اپنے احکامات میں انہوں نے درج کیا کہ آئندہ کے لئے کسی پرائیویٹ تنظیم کو کمیشن پر زکوٰۃ اکٹھی کرنے کا ٹھیکہ جاری نہ کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تنظیم کے معین وغیرہ نے ایک نئی تنظیم coneectivity بنا کر سرکاری ہسپتالوں میں دوبارہ دفاتر قائم کر لئے اورمیو اسپتال،جناح ہسپتال اور گنگارام جسے ہسپتالوں کے ٹھیکے حاصل کیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کو ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک بڑے سرکاری اسپتال کے نام پر اس تنظیم کے معین وغیرہ نے گزشتہ دنوں ڈیڑھ کروڑ روپے کی زکوٰۃاکٹھی کی مگر ہسپتال کے اکاؤنٹ میں صرف 46 لاکھ روپے دیے جس سے انہوں نے موقع پر آٹھ لاکھ روپے کمیشن وصول کی جب اس کا علم ہسپتال کے ایم ایس کوا ہوا تو انہوں نے انہیں ٹھیکہ جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ اس حوالے سے سابق سیکرٹری ہیلتھ نجم شاہ سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ایسی تنظیمیں زکوٰۃ کمیشن کے نام پر ہڑپ کر جاتی ہیں۔ موجودہ سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل احمد اعوان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ میرے علم میں نہیں اگر سابق سیکرٹری نے ایسے کام پر پابندی عائد کر رکھی ہے تو انہیں اجازت کس نے دی اس کی تحقیقات ہوں گی سابق سیکرٹری کے احکامات پر ہر حال میں عمل درآمد کروائیں گے۔ زیادہ تر ٹھیکے لینے والی تنظیم کے سربراہ معین چشتی سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ یہ نئی بات نہیں ہے 17 فیصد پر ٹھیکے حاصل کئے ہیں ہم زکوٰۃجمع کرتے ہیں اور اس سے اپنا کمیشن وصول کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ سابق سیکرٹری نے جو پابندی عائد کی تھی وہ غلط تھی انھوں نے کہا کہ ہم خورد برد نہیں کرتے۔