فیڈمک منصوبوں میں 357ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے:چیئرمین

فیڈمک منصوبوں میں 357ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے:چیئرمین

  



لاہور (آن لائن) چینی سرمایہ کاروں کے اعلی سطح کے وفد نے بدھ کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا دورہ کیا جو سی پیک کے تحت فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے خصوصی اقتصادی زون کے ترجیحی منصوبے کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق اور چیف آپریٹنگ آفیسر محمد عامر سلیمی نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں منصوبے کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا۔ دونوں فریقین نے مختلف شعبوں اور منصوبوں میں بہتری اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فیڈمک کے ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ مختلف منصوبوں میں تقریباً 357 ارب روپے کی بیرونی اور مقامی سرمایہ کاری کی جارہی ہے جو سرمایہ کاروں کے موجودہ حکومت پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔ 25 سے زائد چینی کمپنیاں اس انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کے لئے معاہدے کر چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 4 ہزار ایکڑ رقبے پر منصوبہ بنایا گیا ہے جو موٹر وے ایم فور پر ساہیاں والا انٹرچینج، فیصل آباد کے قریب واقع ہے۔ یہاں ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی تمام صنعتوں کو 10 سال کے لئے ٹیکس سے استثنیٰ حاصل گا اور پلانٹس، مشینری، خام مال اور دیگر سازوسامان ڈیوٹی فری درآمد کئے جا سکیں گے۔ چینی وفد کے نمائندوں نے کہا کہ پاکستان اور چین لازوال دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں اور ان کی شراکت داری کا مقصد خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین خصوصی دوستانہ تعلقات عوامی سطح پر باہمی گرم جوشی سے بھی ظاہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کی معاشی اور اقتصادی صلاحیت کے بارے میں بہت پراعتماد ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے بعدازاں وفد نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جاری منصوبوں کی ترقی کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فیڈمک کے چیئرمین نے کہا کہ سی پیک سٹریٹجک اہمیت کا منصوبہ ہے جس سے پیدا ہونے والے معاشی مواقع کو بروئے کار لا کر خطے میں خوشحالی، امن اور استحکام لایا جا سکتا ہے۔ محمد عامر سلیمی نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے دو سال کے اندر کاروباری آسانیوں کی درجہ بندی 100 سے کم کرنے کے حوالے سے فیڈمک کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

مزید : کامرس


loading...