گرین مہم کے تحت ایک سال میں 10لاکھ درخت لگائیں گے:اسلام آباد چیمبر

گرین مہم کے تحت ایک سال میں 10لاکھ درخت لگائیں گے:اسلام آباد چیمبر

  



اسلام آباد (آن لائن  )  اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اسلام آباد انتظامیہ کے تعاون سے سال 2020میں اسلام آباد میں 10لاکھ درخت لگانے کیلئے گو گرین اسلام آباد مہم کا آغاز کیاجس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے چیمبر میں ایک پودا لگا کر کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد وسیم احمد، اور اسسٹنٹ کمیشنرز گوہر وزیر، دانش ذاکر، محترمہ مہرین بلوچ اور دیگر بھی اس موقع پر ان کے ساتھ موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمیشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہمیشہ اچھے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے مقامی انتظامہ کے اشتراک سے گو گرین مہم شروع کر کے چیمبر نے ایک اور نیک کام کا آغاز کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مقامی انتظامیہ گو گرین مہم کو کامیاب بنانے میں چیمبر کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس ملک کا پہلا چیمبر ہے جس نے ایک سال میں 10لاکھ پودے لگانے کی مہم شروع کی ہے جو دوسروں کیلئے قابل تقلیدہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اسلام آباد میں  جگہ کی شناخت کر کے چیمبر کو بتائے گی تا کہ تاجر برادری وہاں درخت لگا کر اسلام آباد کے ماحول کومزید صحت مند بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ لگائے گئے پودوں میں سے تقریبا 50فیصد زندہ رہتے ہیں جبکہ جانور اور سیخ پودوں کو نقصان پہنچاتے ہیں لہذا انہوں نے کہا کہ جو پودے لگائے ان کی دیکھ بھال کا بھی مناسب بندوبست ضروری ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پانچ سال میں ملک میں 10ارب درخت لگانے کا ہدف رکھا ہوا ہے اور چیمبر نے گو گرین اسلام آباد مہم کا آغاز اسی لئے کیا ہے تاکہ وزیراعظم کے خواب کی تعبیر کی طرف مثبت پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے، ایم سی آئی، اسلام آباد پولیس، اسلام آباد کی مارکیٹوں اور سکولوں سمیت دیگر اداروں کو بھی گو گرین اسلام آباد مہم میں شامل کیا جائے گا تا کہ سب کے تعاون سے اسلام آباد کو سرسبز او خوبصورت بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جو ادارہ بھی اس مہم کا حصہ بننا چاہے چیمبر اس کو خوش آمدید کہے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، فیڈریشن کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، خالد چوہدری،راجہ عبدالمجید، آصف شفیق چوہدری، طاہر ایوب، محمد اشفاق چھٹہ اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور گو گرین اسلام آباد مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔     

مزید : کامرس


loading...