عراق میں نئے انتخابی قوانین متعارف،امیدوار انفرادی طور پر بھی الیکشن لڑسکیں گے
بغداد (آئی این پی) عراق میں نئے انتخابی قوانین متعارف کرا دیے گئے۔ ملکی پارلیمان کے اسپیکر محمد الحلبوسی کے مطابق اب امیدوار انفرادی طور پر بھی انتخابات میں حصہ لے سکیں گے۔ اس سے قبل ووٹرز کے پاس صرف سیاسی جماعتوں کی فہرستوں میں سے کسی ایک کو چننے کا اختیار تھا۔ الحلبوسی کے مطابق اب انتخابی اضلاع بھی بنائے جائیں گے۔ عراق میں حکومت کے خلاف عوامی احتجاج کے دوران ایک اہم مطالبہ انتخابی قوانین میں تبدیلی کا بھی تھا۔ اکتوبر سے جاری ان مظاہروں میں اب تک 450 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔