ڈبلیو ایس ایس پی، ایس ڈی سی کے تعاون سے صارفین سروے مکمل کرلیا
پشاور(سٹی رپورٹر)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے سوئس ڈویلپمنٹ کارپوریشن (ایس ڈی سی) کے تعاون سے پشاور کی 67 شہری اور نیم شہری یونین کونسلوں میں صارفین کا جی آئی ایس سروے مکمل کرلیاجس میں گھریلو اور تجارتی صارفین کے اعداد وشمار بمعہ رقبے کی تفصیل وتصاویر جمع کئے گئے ہیں سروے، جسے ڈیڑھ سال کے عرصے میں مکمل کیا گیا، کا مقصد ڈبلیو ایس ایس پی کا ریونیو نیٹ بڑھانا اورپانی کے غیر قانونی کنکشنز کی رجسٹریشن کراتے ہوئے کمپنی کو خود انحصار بنانا اور اپنے پیروں پر کھڑی کرنا ہے۔ سروے کے نتائج کا جائزہ لینے کے لئے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈبلیو ایس ایس پی کے شعبہ جات پی ایم ای آر آر، بلنگ، آپریشن، کسٹمر کیئر کے علاوہ ایس ڈی سی کے نمائندے شریک ہوئے۔ ڈبلیو ایس ایس پی کا ریونیو نیٹ بڑھانے کے لئے حکمت عملی بھی تیار کی گئی ہے جبکہ بلوں کے ڈھانچے کا جائزہ لیتے ہوئے اسے حقیقت پسندانہ بنانے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ سروے کے اعداد وشمار کے مطابق ڈبلیو ایس ایس پی کے زیر انتظام 43 یونین کونسلوں میں تین لاکھ، آٹھ ہزار، 721 گھریلو وتجارتی واٹر کنکشنز کی نشاندہی کی گئی ہے، زون اے میں ایک لاکھ، چار ہزار 234، زون بی میں 96 ہزار 351، زون سی میں 75ہزار 664 اور زون ڈی میں 32 ہزار 472 واٹر کنکشنز کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں زون اے میں 15 ہزار 308، بی میں 32 ہزار 720، سی میں 14 ہزار 716 اور ڈی میں سات ہزار 586 اور مجموعی طور 70 ہزار 330 صارفین ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ سروے کے نتائج کی روشنی میں مستقبل کی منصوبہ بندی کے علاوہ بلنگ کی جائے گی، غیر رجسٹر صارفین کو رجسٹر کراتے ہوئے ریونیو نیٹ میں لایا جائے گا جس سے ڈبلیو ایس ایس پی اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی۔ صارفین کے اعداد وشمار، کنکشنز کی نوعیت، گھر اور تجارتی مراکز کے رقبے کی تفصیل سمیت تمام معلومات کا مرکزی ڈیش بورڈ میں اندراج کیا گیا ہے، سروے کے دوران بل تقسیم کرنے والے اور کسٹمر کیئر عملے کو تربیت بھی دی گئی ہے۔ڈبلیو ایس ایس پی کے قیام سے لیکر یہ پہلا جامع سروے ہے جس میں صارفین سے متعلق تمام تفصیلات جی آئی ایس ٹیکنالوجی کے ذریعے جمع کی گئی ہیں۔