ایرانی حکومت مقتول مظاہرین کے گرفتار والدین کو فوری رہا کرے،امریکا

ایرانی حکومت مقتول مظاہرین کے گرفتار والدین کو فوری رہا کرے،امریکا

  



واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی رجیم کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے مظاہرین کے اہل خانہ اور والدین کو حراست میں لینے کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے اورمطالبہ کیا ہے کہ وہ مقتول مظاہرین کے حراست میں لیے گئے والدین کو فوری اور غیر مشروط طور پر رہا کرے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ ظالم ایرانی رجیم پْرامن مظاہروں کے دوران نہتے مظاہرین کو ہلاک کرنے کے بعد اب ان کے والدین کو بھی ہراساں کررہی ہے۔ مقتول شہریوں کے والدین اور ان کے دیگر اقارب کو تعزیتی تقریبات کے انعقاد سے بھی روکا جا رہا ہے۔انہوں نے مقتول نوجوان بویا بختیاری کے والد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فورا رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ٹویٹر پر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکا ایران میں مقتول مظاہرین کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہے۔ مقتول نوجوان بویا بختیاری کے والد کی گرفتاری ایرانی رجیم کی اپنے ہی شہریوں کے خلاف جارحیت اور انتقامی حربوں کا کھلا ثبوت ہے۔ ہم بختیاری کے والد اور حراست میں لیے گئے دیگر شہریوں کی فوری رہا کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ایک دوسری ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سفاک ایرانی رجیم کا محاسبہ کیا جائے اور ایرانی عوام کی مکمل حمایت کی جائے۔

مزید : علاقائی