ڈیرہ میں 25 دسمبر میاں نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

  ڈیرہ میں 25 دسمبر میاں نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

  



ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ) 25دسمبرمیاں نواز شریف کی سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان مسلم لیگ ن ڈیرہ کی مقامی قیادت کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں صوبائی نائب صدر راجہ اختر علی، ضلعی صدر ریحان ملک ایڈوکیٹ، جنرل سیکرٹری چوہدری ریاض ایڈوکیٹ، حاجی اللہ نواز کھرل، روشن ضمیر ایڈوکیٹ، رضوان ایڈوکیٹ سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب میں میاں نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی نائب صدر راجہ اختر علی نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، موٹر ویز بنائیں اور اورنج ٹرین سمیت ملک کو میٹرو بس سروسز کے تحفے دیئے لیکن آج سلیکٹیڈ وزیر اعظم عمران خان انتقامی کاروائیوں پر اتر آیا ہے۔ پی ٹی آئی کی سلیکٹیڈ حکومت نے ملک کو بد امنی، بیروزگاری اور مہنگائی کے تحفے دیئے ہیں۔ن لیگی رہنماؤں پر ناجائز مقدمات بنا کر انہیں کال کوٹھڑیوں میں قید رکھا جارہا ہے تاہم حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود لیگی قیادت عدلیہ سے باعزت نکل رہی ہے۔ضلعی صدر ریحان ملک ایڈوکیٹ نے کہا کہ ملک آج نازک دور سے گزر رہا ہے، کنٹینر پر کھڑے ہوکر بجلی اور گیس کے بل جلانے والے آج ٹیکس دینے کا بھاشن دے رہے ہیں۔ مکا لہرانے والا اور 1999کو نواز شریف کی جمہوری حکومت پر شب خون مارنے والا آمر آج اپنی زندگی کی بھیک مانگ رہا ہے اور کل تک اسے ڈکٹیٹر کہنے والے آج اسکا دفاع کر رہے ہیں۔ آج گیس اور بجلی کے نرخ آئی ایم ایف کی ہدایت پر بڑھائے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری ریاض ایڈوکیٹ نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے اور امیریکہ و بھارت کی آنکھوں میں شیر کی طرح آنکھیں ڈال کر بات کہ جبکہ عمرانی حکومت نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا سودا کردیا، عمرانی حکومت ملک اور اسلام کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے، اور یہودی لابی کی سپورٹ سے ملک میں قادیانیت کا دفاع کیا جارہا ہے۔ ایک کروڑ نوکریوں اور 50لاکھ گھر دینے کا دعویٰ کرنے والے غریب کے منہ سے نوالہ اور سر سے چھت چھین رہے ہیں۔نیب کو حکومت کی لونڈی بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ انشاء اللہ جلد ملک میں مسلم لیگ ن کی جمہوری حکومت قائم ہوگی۔ اس موقع پر ایک قرار داد کے ذریعے کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر سے بجلی اور گیس کی ناجائز لوڈ شیڈنگ ختم کرانے، تاجروں اور شہریوں کیلئے بجلی کے بلوں کی آسان اقساط کرنے اور ڈیرہ سے اسلام آباد موٹر وے کے بند روڈ کی فوری بحالی و تعمیر کا مطالبہ کیا گیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر