شہریوں کے قیمتی وقت کو بچاتے ہوئے بہترین سہولیات فراہم کرینگے:آئی جی پنجاب

 شہریوں کے قیمتی وقت کو بچاتے ہوئے بہترین سہولیات فراہم کرینگے:آئی جی پنجاب

  



لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہاہے کہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو پولیسنگ سے متعلق سہولیات کی بروقت فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اس کے بغیرماڈرن پولیسنگ کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ یوزر فرینڈلی اپروچ کے تحت کام کرنے والی پنجاب پولیس کی نئی ڈیجیٹل ویب سائٹ سمارٹ اینڈ جدید پولیسنگ کے عمل کونہ صرف مزید تیز کرے گی بلکہ شہریوں کی مشکلات کے بروقت ازالے، اطلاعات کے بلاتاخیر حصول سمیت دیگر سروس ڈلیوری کی با آسانی فراہمی سے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعلق کو مضبوط سے مضبوط تر بنائے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ شہریوں سے ملنے والے فیڈ بیک کی روشنی میں پنجاب پولیس کی ویب سائٹ کو بہتر سے بہتر بنانے کا عمل جاری رکھا جائے اور شہریوں کی سہولت اور ڈیمانڈ کے مطابق مزید فیچرز اور سہولیات شامل کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پنجاب پولیس کی جدید فیچرز سے آراستہ نئی ویب سائٹ کے افتتاح کے موقع پر افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی سمیت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے افسران موجود تھے۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے آئی جی پنجاب کو نئی ویب سائٹ کے فیچرز کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے شہریوں کی سہولت کیلئے پولیس ویب سائٹ کو نئے فیچرز کے ساتھ جدیدڈیجیٹل انداز میں پیش کیا گیا ہے جس میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پولیس کے سافٹ امیج اور پبلک سروس ڈلیوری سے متعلقہ پراجیکٹس کو نمایاں رکھا گیا ہے جس سے صارفین انفارمیشن کے بروقت حصول کے ساتھ ساتھ بہترین سروس ڈلیوری سے مستفید ہوسکیں گے۔انہوں نے مزید بتایاکہ نئی جدید ترین ویب سائٹ میں پولیس خدمت مراکز،8787کمپلینٹ سنٹر، 15ایمر جنسی سروس، راستہ ایپ اور 89.8ایف ایم ریڈیو کو ویب سائٹ کے ساتھ انٹی گریڈ کیا گیا ہے جبکہ نئی ویب سائٹ کے لنک punjabpolice.gov.pk  پر موجود نئے فیچرز کے ذریعے اب  شہری صوبے کے کسی بھی ضلع میں درپیش مسئلے سے متعلق ای کمپلین بھی درج کروا سکیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے بھر سے شہری کسی بھی واقعہ کو پولیس ایکشن کیلئے رپورٹ کرنے کے علاوہ خدمت مراکز پر دستیاب تمام سہولیات بذریعہ ویب سائٹ حاصل کر سکیں گے جبکہ اس کے علاوہ نئی جدید ویب سائٹ پر تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز دفاتر اور افسران کے ٹیلی فون نمبرز بھی موجود ہونگے۔آئی جی پنجاب نے نئی جدید ویب سائٹ کی ورکنگ کے آغاز کو عوام کی سہولت اور راہنمائی کیلئے بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہاکہ عوام کی سہولت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مزید پراجیکٹس شروع کئے جائیں تاکہ شہریوں کے قیمتی وقت کے ساتھ ساتھ سرمائے کو بچایاجاسکے اور ترقی یافتہ ملکوں کی طرز پر فاسٹ ٹریک پولیسنگ کا عمل تیزی سے پروان چڑھ سکے۔

مزید : علاقائی