قوم کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے:صدر -وزیر اعظم،اتحاد،ایمان اور تنظیم پر چل کر ملک کو آگے لے جا یا جا سکتا ہے:جنرل باجوہ

قوم کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے:صدر -وزیر اعظم،اتحاد،ایمان اور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی "شہ رگ" کہا تھا، پوری  پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑی ہے، بابائے قوم نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ شناخت اورسیاسی سمت کا تصور دیا۔بانی پاکستان حضرت محمد علی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش کے موقع پر صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا  کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں خاص دن کے طور پر منایا جاتا ہے، س عظیم رہنما کی پیدائش ہوئی جنہوں نے براعظم کا جغرافیہ بدلا اور ہمیں پاکستان عطا کیا، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا، پوری قوم عظیم رہنما قائداعظم محمدعلی جناح کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان قائداعظم کے تصور کے مطابق ترقی کی راہ پرگامزن ہے، ہمیں متحد ہو کر قائداعظم کی تعلیمات پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے، ترقی کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے اصولوں پرعمل پیرا ہونا ہے۔وزیراعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ قائداعظم 20 ویں صدی کے عظیم اور صاحب بصیرت رہنما تھے، ان کی کرشمہ ساز شخصیت کے زیر سایہ کروڑوں مسلمان کڑے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہوئے اور بااصول جدوجہد کے ذریعے اپنی منزل پا لی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پوری دنیا بھارت کے نام نہاد سیکولر ازم کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہی ہے جہاں کس طرح اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کیخلاف سرکاری سطح پر نفرت انگیز اور ظالمانہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ وہی سنگین صورتحال ہے جو قائداعظم نے اپنی دور اندیش بصیرت کے ذریعے بہت پہلے ہی محسوس کر لی تھی کہ انتہا پسند ہندو مسلمانوں کو کبھی عزت اور وقار سے جینے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، اور پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر پوری طرح عمل کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج امن، محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام عام کرنے کا دن ہے۔وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کیساتھ یکساں سلوک روا رکھے گی، پاکستان میں اقلیتی برادری کو مکمل معاشی، سیاسی اور مذہبی آزادی حاصل ہے، اقلیتیں ملکی ترقی کیلئے تمام شعبوں میں کردار ادا کر رہی ہیں۔    ہمارے تمام مسیحی شہریوں کو کرسمس کی ڈھیروں خوشیاں مبارک۔
صدر وزیر اعظم


 کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)  پاک فوج کے سر براہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل  آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔آرمی چیف جنرل قمر جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ قائداعظم کا پاکستان بنانے کے لیے دو قومی نظریہ حقیقت بن گیا، قیام پاکستان کے لیے ہم قائدکا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے، مشکل دور میں اقلیتیوں سمیت تمام پاکستانی متحد رہے۔ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا ویڑن ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا رہے گا، قائداعظم محمد علی جناح کے ویڑن اتحاد، ایمان، تنظیم پر چل کر ملک کو آگے لے جایا جا سکتا ہے۔
آرمی چیف

مزید :

صفحہ اول -