پاکستان کو چیلنجز کا سامنا،سیاسی قیادت ذاتی اختلاف بھلا کر دنیا کو اتحاد کا پیغام دے:عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،سب کو ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دنیا کو اتحاد اور اتفاق کا پیغام دینا ہو گا۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزادر نے کہا کہ یہ وقت اتفاق و اتحاد کا ہے جبکہ قومی یکجہتی اور بھائی چارے کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے لہٰذاملک اور قوم کے تابناک مستقبل کیلئے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو مل کرچلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اورموجودہ حالات کے پیش نظرسیاسی قوتوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دور اندیشی اور قومی مفادات کو مقدم رکھیں۔وزیراعلیٰ نے مزیدکہا کہ ہم سب کو پاکستان کیلئے سوچنا ہے اور پاکستان کیلئے ہی جینا مرنا ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے منیجنگ ڈائریکٹر پا کستان بیت المال عون عباس نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی مشکلات کم کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اورفرض بھی،ماضی میں احساس سے عاری حکمرانوں نے عام آدمی کی تکالیف میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کافوکس عام آدمی ہے جبکہ پناہ گاہ جیسا فلاحی پروگرام صلہ رحمی کی مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے عام طبقے کی فلاح اور بھلائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔اس موقع پرایم ڈی پاکستان بیت المال نے مستحق افراد کے لئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے کرسمس کے تہوار پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور صوبائی وزراء کیساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا،وزیراعلیٰ نے کرسمس کے تہوار کے حوالے سے صوبائی وزیر اعجاز عالم اور مسیحی برادری کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر وترقی میں اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری نے قابل تحسین کردارادا کیا ہے کیونکہ پاکستان ہم سب کا ہے اور یہاں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اورترقی کیلئے مساوی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اورفلاح وبہبود کیلئے مینارٹی امپاور منٹ پیکیج متعارف کرایا ہے اور اقلیتی کوٹہ پرطلباء کو سکالر شپ کیلئے کروڑوں روپے مختص کئے ہیں۔
سردار عثمان بزدار