بلاول بچہ،بچ کر کھیلے،دنیا میرے مرنے کے بعد بھی کام یاد رکھے گی:شیخ رشید
راولپنڈی (آن لائن) وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بلاول نے خط میں لکھا ہے کہ ہمیں پکڑا گیا تو ہم خوفناک بن جائیں گے، یہ ساری عمر بچے ہی رہیں گے اس لئے کہتا ہوں کہ بچ کے رہو۔ اگر بچے ہو تو بچ کے کھیلو۔ اپوزیشن اگر مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف نکلتی تو میں بھی ان کے جلوس میں شامل ہوتا، پیپلز پارٹی راولپنڈی میں جلسہ ضرور کرے مگر یہ لوگ اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لئے نکلے ہیں، عمران خان نہیں بلکہ اپوزیشن کی سیاست گھر جا رہی ہے، دنیا کے کسی قانون میں نہیں کہ ایک لاش کو تین دن تک لٹکانے کا فیصلہ دیاجائے، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں مگر یہ فیصلہ مجھے کھٹک رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا کیونکہ ہماری بیٹیاں پڑھی لکھی ہیں اور پاکستان بھر میں راولپنڈی لڑکیوں کی تعلیم میں پہلے نمبر پر ہے، ہم یہ ثابت کریں گے کہ ہم سیاست میں بھی نمبرون ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگ لوٹی دولت بچانے کے لئے باہر نکل رہے ہیں اگر یہ لوگ مہنگائی اور بیروزگاری کے لئے باہر نکلتے تو میں بھی ان کے جلوس میں شامل ہو جاتا۔ اگر ان کااحتساب نہ ہوا تو جمہوریت نامکمل رہے گی۔ عمران خان کا نام احتساب خان ہے،انہوں نے کہا کہ دھند کے باوجود ہماری 138ٹرینیں چل رہے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے، عمران خان کے دور میں ریلوے نمبر ون بنے گا، دنیا میرے مرنے کے بعد بھی میرے کام کو یاد رکھے گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلاول نے خط میں لکھا ہے کہ ہمیں پکڑا گیا تو ہم خوفناک بن جائیں گے، یہ ساری عمر بچے ہی رہیں گے اس لئے کہتا ہوں کہ بچ کے رہو۔ اگر بچے ہو تو بچ کے کھیلو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عدلیہ کے تلخ فیصلے بھی قبول ہیں، ایک فیصلہ جو مجھے کھٹک رہا ہے وہ یہ کہ دنیا کے کسی بھی انصاف کے نظام میں کو لاش کو تین دن تک لٹکایا نہیں جاتا باقی عدلیہ نے جو بھی فیصلہ دینا ہے دے مگر ایسے فیصلے نہ دے۔ ہم راولپنڈی میں بلاول کو جلسہ کرنے پر ویلکم کرتے ہیں مگر جب آپ راولپنڈی آئیں گے تو میں لاڑکانہ جلسہ کرنے آؤں گا۔
شیخ رشید