قائد اعظم ؒکا یوم پیدائش،ملک بھر میں تقریبات،ریلیاں،کیک کاٹے گئے

قائد اعظم ؒکا یوم پیدائش،ملک بھر میں تقریبات،ریلیاں،کیک کاٹے گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی، زیارت،لاہور،اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا، کہیں ریلیاں نکالی گئیں اور کہیں سالگرہ کیک کاٹے گئے، تقریبات میں بانی پاکستان کی خدمات کو سلام پیش کیا گیا۔قائداعظم محمد علی جناحؒ کا یوم ولادت، شہر شہر ریلیاں، لاہور،اسلام آباد، پشاور،کوئٹہ،کراچی،ڈیرہ بگٹی میں ایف سی کالج سوئی،کندھ کوٹ،نوابشاہ،بورے والا،شجاع آباد،منڈی بہاؤالدین سمیت دیگر اضلاع میں میں یوم قائداعظم کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبا نے ٹیبلوز پیش کئے اور تقاریر کر کے بانی پاکستان کو سلام پیش کیا۔تقریبات میں کیک بھی کاٹا گیا۔دوسری طرف مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پی ایم اے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل محمدعلی تھے۔ گارڈز میں خواتین کے دستے بھی شامل تھے، پروقار تقریب میں قومی نغموں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔علاوہ ازیں وادی زیارت میں یوم قائد کی پروقار تقریب زیارت ریذیڈینسی میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ کمانڈر سدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا جس میں سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے پیش کئے۔اس دوران تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم بے شمار صلاحیتوں کی حامل شخصیت تھے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا اپنا کردار ہے، بھارت میں اقلیتوں کے حقوق پامال کئے جارہے ہیں جو اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ قومیت کی جنگ اورتعصب پھیل رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمیں یک جہتی کو برقرار رکھنا ہے۔قاسم خان سوری نے بھی تقریب سے خطاب کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن تاریخ ساز دن ہے۔ قائداعظم کے عزم اورحوصلہ کی وجہ سے ہم آزاد ملک  میں سانس لے رہے ہیں۔کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف نے بھی خطاب کیا، ان کا کہناتھا کہ ہم دنیا کی خوش قسمت قوم ہیں جس کو قائداعظم کی جرات اور فہم وفراست ملی۔ پاکستان کے وجود کو سات دہائیوں سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عوام ملک اور اداروں کے خلاف سازشیں کرنیوالوں سے دور رہیں۔ دہشت گردی کی جنگ میں سرخرو ہوں گے، انھوں نے کہا کہ آئیں ملکر ملک کے اداروں کے ہاتھ مضبوط کریں۔
قائد ڈے 

مزید :

صفحہ اول -