حج اور عمرے کیلئے سمندری سفر سے اخراجات میں کمی آئے گی:علی زیدی
کراچی (این این آئی)وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ مسافر بحری جہاز چلانا چاہتے ہیں اور حج اور عمرے کیلئے سمندری سفر سے اخراجات میں کمی آئے گی،پڑوسی ملک میں جو ہو رہا ہے وہ سب جانتے ہیں، پاکستان میں ریاست مدینہ کا نظام لانا چاہتے ہیں، قائد نے جو خواب دیکھا تھا اسے 2020میں پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا کراچی کا دورہ خوش آئند ثابت ہوگا، وزیر اعظم ارکان صوبائی و قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو ٹھیک کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی۔ کراچی میں جو نظام ہے اس کو بھی ٹھیک کر رہے ہیں۔ ایک ادارہ بناتا ہے اور دوسرا ادارہ دوسرے دن کھدائی کر دیتا ہے، یہ ادارے ایک ہی چھت کے نیچے کام کرتے ہیں۔علی زیدی نے کہا کہ دنیا کے پرانے روٹس سمندر کے ہیں، وزارت دفاع سے 4 جگہ سے مسافر بحری جہاز چلانے کے این او سی مانگے ہیں۔ نجی شعبے کو بھی سمندری جہاز چلانے کی دعوت دیں گے۔ میرین سیکٹر بھی نجی شعبے کے لیے کھولنا چاہتے ہیں۔ کربلا جانے والے زائرین بھی بسرا سے ٹرین میں جا سکتے ہیں۔
علی زیدی