سعودی عرب میں چیتے کے پنجرے میں گرنے والا نوجوان بال بال بچ گیا
جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک شخص چیتے کے پنجرے میں گر گیا اور معجزانہ طور پر محفوظ نکال لیا گیا۔ میل آن لائن کے مطابق اس 24سالہ نوجوان کا نام محمد محسن بتایا گیا ہے جو سوڈان کا شہری ہے۔ وہ ریاض میں چڑیا گھر کی سیر کے لیے گیا اور حادثاتی طور پر چیتے کے پنجرے میں گر گیا۔ اس کے گرتے ہی چیتا دوڑ کر آیا اور اسے دبوچ لیا اور نوچنا بھنبھوڑنا شروع کر دیا۔لوگوں کے شور مچانے پر چڑیا گھر کے عملے کے لوگ آئے اور انہوں نے بندوق سے جانوروں کو بے ہوش کرنے والی گولی مار کر چیتے کو بے ہوش کر دیا اور نوجوان کو باہر نکال لیا۔ تب تک نوجوان کو چہرے، گلے، سینے اور بازوؤں پر کافی زخم آ چکے تھے تاہم وہ خوش قسمتی سے زندہ تھا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہے۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پنجرے