وزن کم کرنے کیلئے دن میں 4 کپ کافی پینی چاہیے؟ تازہ تحقیق
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) وزن میں کمی کے متعلق نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ 4کپ کافی پینے سے وزن کم کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق امریکی سائنسدانوں نے اس تحقیق میں چوہوں پر تجربات کیے۔ وہ چوہوں کے ایک گروپ کو معمول کی غذا کے ساتھ کیفین کا حامل ایک مشروب پلاتے رہے جبکہ دوسرے گروپ کو صرف معمول کی خوراک ہی دی جاتی رہی۔ 4ہفتے بعد جب ان چوہوں کے دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے تو معلوم ہوا کہ جن چوہوں کو کیفین دی جاتی رہی تھی ان کے جسم میں 22فیصدکم چربی جمع ہوئی تھی اور ان کا وزن 16فیصد کم بڑھا تھا۔یونیورسٹی آف الینوائس کے سائنسدانوں نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کیفین کے اثرات اس جین کے ایکشن کو کم کر دیتے ہیں جو وزن میں اضافے کا سبب بنتا ہے جس کے نتیجے میں جسم کم چربی محفوظ کرنا شروع کر دیتا ہے اور انسان کا کم بڑھتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر ایلویرا گونزالیز ڈی میجا کا کہنا تھا کہ ”ہماری تحقیق میں ثابت ہوا ہے کہ چائے اور کافی موٹاپے کے انسداد کے لیے کام کرنے والے ایجنٹ ہیں۔ ان کے استعمال سے جسم میں چربی کی مقدار تیزی سے کم ہوتی ہے۔“ واضح رہے کہ چائے اور کافی پر ایک تحقیق میں امریکہ کے نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کے سائنسدان بتا چکے ہیں کہ یہ مشروبات انسان کو دل کی بیماریوں سے بچاتے ہیں اور قبل از وقت موت کا خطرہ 16فیصد تک کم کر دیتے ہیں۔چائے اور کافی پینے والے لوگوں کو ڈپریشن بھی کم ہوتا ہے اور ان کو دوسری قسم کی ذیابیطس ہونے کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔
کافی