جدہ،پاکستان قونصلیٹ کی مسیحی برادری کے اعزاز میں شاندار رنگا رنگ کرسمس تقریب

جدہ،پاکستان قونصلیٹ کی مسیحی برادری کے اعزاز میں شاندار رنگا رنگ کرسمس تقریب

  



جدہ (محمد اکرم اسد) دنیا بھر کی طرح سعودی عرب کے شہر عروس البحر جدہ میں بھی کرسمس کی شاندار تقریب پاکستان قونصلیٹ میں منعقد ہو ئی، اس موقع پر پاکستانی کرسچین کمیونٹی جن میں بچے و خواتین کی بھی زرق برق لباس پہنے بڑی تعداد میں موجود تھیں اپنی عبادت کی، تحا ئف آپس میں تقسیم کئے جبکہ سانتا اپنے روایتی لباس میں بڑوں چھوٹوں میں چاکلیٹ تقسیم کرتے رہے،تقریب کا اہتمام جدہ میں پاکستانی کر سچین کمیونٹی کی سرگرم تنظیم کرسچین ویلفیئر کمیونٹی نے کیا، تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید اور انکی بیگم تھیں، جب وہ تقر یب میں پہنچے تو انکا پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کبھی بھی پاکستان ا و ر و ہا ں بسنے والوں نے کرسچین کمیونٹی کو اقلیت تصور نہیں کیابلکہ پاکستان میں بسنے والے کرسچین کو برابری کی سطح پر تمام حقوق حاصل ہیں۔ خالد مجید نے کہا پاکستانی مسیحی برادری نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے ہمراہ تحریک پاکستان میں بھر پور حصہ لیا اور پاکستان کی آزادی کے بعد بھی  و ہ قائد اعظمؒ کے شانہ بشانہ رہے، کرسچین کمیونٹی ایک پر امن کمیونٹی ہے جس سے پاکستان قونصلیٹ کو کبھی شکایت نہیں رہی وہ قانون کی بھر پور  پاسداری کرتے ہیں۔ اس موقع پرچیئرمین کرسچن کمیونٹی پاسٹر پرویز یوسف مسیح نے اپنے خطاب میں، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العز یز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی حکومت، وزیر اعظم عمران خان، افواج پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انکی ولولہ انگیز قیادت میں تما م مذاہب کے افراد پر امن زندگی گزار رہے ہیں، انہوں نے کہا نجی سطح پر شکایات ہوتی ہیں مگر خوشی ہے حکومت انہیں حل کرتی ہے۔ پیٹرک فلک شیر نے اپنی جذباتی تقریر میں کہا پاکستانی حکومت و عدلیہ نے کرسچن برادری کیلئے جو طلاق کا قانون بنایا ہے وہ ہمارے عقیدے کے موا فق نہیں اس پر فی الفور نظرثانی اور طلاق کا پرانا قانون بحال کرنا چاہیے جبکہ نابالغ کا جبری اغوا اور بعد ازاں شادی پر بھی عدلیہ کو ایکشن لینا چاہیے، تقریب میں جدہ میں دیگر سرگرم فورمز کے ارا کین نے بھی شرکت کی، کرسمس کے موقع پر کرسچین کمیونٹی کو کیک کا تحفہ پاکستان یکجہتی فو ر م کی جانب سے بھیجا گیا، دیگر مقررین میں جان گلزار، پی ٹی آئی جدہ کے صدر قیصر جاوید قریشی، یکجہتی فورم کے کنونیر ریاض حسین بخاری، پا کستان جرنلسٹ فورم کے چیئرمین امیر محمد خان اور میڈیا کے دیگر ارکان بھی شامل تھے۔ تقریب کے آخر میں شرکاء کو عشائیہ بھی دیا گیا۔

جدہ کرسمس تقریب

مزید : صفحہ آخر