ضلع غربی ایماندار افسروں کے تبادلوں کے بعد جرائم کا گڑھ بن گیا
کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے ضلع غربی میں اایماندار پولیس افسران کے تبادلوں کے بعد جرائم پیشہ عناصر کے وارے نیارے ہوگئے،راشی افسران نے راہ میں رکاوٹ بننے والے اہلکاروں کا تبادلہ کروانا شروع کردیا،تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع غربی میں ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان اور شوکت کھٹیان کے تبادلوں کے بعد جرائم پیشہ عناصر نے اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کردیا ہے اور محکمہ پولیس میں موجود راشی افسران کی مد د سے اپنے نیٹ ورک توسیع دینا شروع کردی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی ایس پی سعید آباد نے ہفتہ نہ دینے پر ہیڈ محرر سعید آباد شفیق انجم کو جرم ثابت نہ ہونے کے باوجود معطل کروادیا،جس پر ایس ایس پی ویسٹ نے اسمگلر کی تفتیشی رپورٹ،متعلقہ آئی او اور انکوائری افسر کو اپنے دفتر میں طلب کرلیا ہے۔اس ضمن میں ڈی ایس پی سعید آباد شاہد عباس نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو سختی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پوری سروس ایمانداری کے ساتھ کی ہے اور اب ریٹائرمنٹ کے قریب ہوں۔مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔