علی رضا عابدی کی شہادت مہاجر قوم کا بڑا نقصان ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

   علی رضا عابدی کی شہادت مہاجر قوم کا بڑا نقصان ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر  نے کہا ہے کہ مہاجر رہنما علی رضا عابدی کی شہادت قوم کا بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے مہاجرحقوق کیلئے آخری وقت تک جدوجہد کی، وہ مہاجر قوم میں پائی جانیو الی مایوسی سے فکر مند تھے۔ ان کے قاتل آج تک گرفتار نہیں کئے جاسکے ہیں جو صوبائی حکومت کی منہ پر طمانچہ ہے۔ وہ علی رضا عابدی کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ علی رضا عابدی کو مہاجر حقوق کیلئے آواز بلند کرنے پر شہید کیا گیا۔ انہوں نے ہر فورم پر مہاجروں کا مقدمہ پیش کیا۔ وہ مدلل گفتگو کرنے والے اور دلائل سے بات کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے تھے۔ ان کی شہادت سے مہاجر قوم میں بڑا خلا پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ MIT  علی رضا عابدی کے مشن کی تکمیل کیلئے آخری وقت تک جدوجہد کرے گی۔ ہم اُن کی فکر کو مدہم نہیں ہونے دیں گے۔ ہم نے ہمیشہ مہاجروں کیلئے قربانی دی ہیں اور اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور انتظامیہ نے روز اول سے ہی علی رضا عابدی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے اُن کے قاتل آزاد دندناتے پھر رہے ہیں۔ تقریب میں علی رضا عابدی کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی اور اُن کے اہل خانہ سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہم اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک علی رضا کے قاتل گرفتار نہیں ہوجاتے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور مہاجر تحریک کے اس کارواں کو اپنے ہاتھوں میں لیں کیونکہ آج مہاجر حقوق کی جدوجہد کیلئے نوجوانوں کی اشد ضرورت ہے۔ 

مزید : صفحہ آخر