قائداعظم حقیقی معنوں میں ہمارے پاسبان ہیں، نجیب ہارون
کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کے ایم این اے اورقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسسنگ وتعمیرات کے چیئرمین نجیب ہارون نے کہاہے کہ تحریک انصاف قائداعظم کے تصورکے مطابق ملک کو ترقی اور خوشحالی کی جانب لیکرجارہی ہے،ملک میں موجود اقلیتوں نے ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کرداراداکیاہے،قائداعظم ڈے کے ساتھ مسیحی برادری کوکرسمس ڈے پر مبارکباد کاپیغام دیتے ہوئے ان کاکہنا تھا کہ آج پوراملک قائداعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کا جشن منارہا ہے، بحیثیت ایک قوم قائداعظم کی سالگرہ کا یہ دن ہم سب کے لیے ایک خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ قائداعظم حقیقی معنوں میں ہمارے پاسبان ہیں ہمیں ملک کوایک مثالی ریاست بنانے کے لیے قائداعظم کے افکاراور ان کی سوچ کو تازہ کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہاکہ ایک بہترین معاشرے کے لیے ہمیں خوداحتسابی پر توجہ دینا ہوگی،قائداعظم نے مسلمانوں کو ایک الگ وطن دیا ان کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں بھلایا جاسکتا،دوسری جانب ایم این اے نجیب ہارون نے حضرت عیسٰی علیہ الاسلام کی یوم ولادت پرمسرت اظہارکرتے ہوئے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں موجود مسیحی برادری کو مبارکبادپیش کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ایک دوسرے کے مذاہب اوراحساسات کا احترام کرنا چاہیے، آئین کے مطابق پاکستان میں تمام مذاہب کو مذہبی آزادی کا حق حاصل ہے،جس کے لیے ضروری ہے کہ کرسمس کی روح کے مطابق مل جل کر اس کی خوشیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹا جائے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف تمام مذاہب کادل سے احترام کرتی ہے اور ہر لمحے ان کی خوشیوں میں شریک ہے