قائد اعظم کا دو قومی نظریہ مسلمانوں کا سائبان ثابت ہوا،متحدہ علماء محاذ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتما م جامعہ ستاریہ گلشن اقبال میں چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی کی زیر صدارت افکار قائد اعظم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے ممتاز علماء اور سرکردہ سیاسی قائدین نے کہاکہ آج کشمیر اور ہندوستان میں مسلمانوں کی مظلومیت اور ان پر مودی سرکار کے بے پناہ مظالم دیکھ کر اندازہ ہوتاہے کہ قائد اعظم کا پیش کردہ دو قومی نظریہ مسلمانوں کا نہ صرف سائبان ثابت ہوا بلکہ امت مسلمہ کی عزت و قار کا ذریعہ بنا، پاکستان کے مسلمان جدوجہد آزادی میں قائداعظم کی مثالی جدوجہد کوتاحیات خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔ علماء نے بھارتی حکومت کے مسلمانوں پر وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ سمیت عالمی عدالت انصاف اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا وہ کشمیرو ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو رکوانے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان لاالہ الااللہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا، سیکولر طبقہ مقاصد پاکستان کے حوالے سے حقائق مسخ کرکے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ مقاصد پاکستان سے انحراف کرنے والے ملک و قوم کے بہی خواہ نہیں ہوسکتے۔