ایغور مسلمانوں سے متعلق شاہد آفریدی کی اپیل پر چین کا جواب بھی آ گیا

ایغور مسلمانوں سے متعلق شاہد آفریدی کی اپیل پر چین کا جواب بھی آ گیا
ایغور مسلمانوں سے متعلق شاہد آفریدی کی اپیل پر چین کا جواب بھی آ گیا

  



بیجنگ (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کچھ روز قبل چین میں مقیم مسلم اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر آواز اٹھائی تھی جس کا جواب چینی وزارت خارجہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بذریعہ ٹوئٹ دیا ہے۔چین کے سنکیانگ ریجن میں ایک کروڑ سے زائد ایغور مسلمان آباد ہیں جنہیں مبینہ طور پر حراستی مراکز میں رکھا جا رہا ہے۔اس حوالے سے چند روز قبل شاہد آفریدی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم سے ایغور مسلمانوں کیساتھ نارواسلوک پر آواز اٹھانے کی اپیل کی تھی۔

شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں چین کے مسلمانوں کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور وزیراعظم عمران خان سے کہا تھا کہ چین میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں، مسلم امہ کو متحد کرنے کی بات ہوتی ہے تو چین کے مسلمان بہن بھائی بھی اس میں شامل ہیں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں پاکستان میں چینی سفارتخانے کو بھی ٹیگ کیا تھا اور اپیل کی کہ چین میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے۔

مگر بعدازاں کچھ ہی دیر میں شاہد آفریدی نے اپنی اس ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا تھا۔ایسے میں چینی وزارت خارجہ کے محکمہ اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لی جن زہائو نے شاہد آفریدی کو بھی ان کی ٹوئٹ کا جواب ٹوئٹ کے ذریعے دیا۔لی جن زبائو لکھتے ہیں کہ’ مجھے لگتا ہے کہ آپ چین کے خلاف مغربی پروپیگنڈے سے کافی گمراہ ہو چکے ہیں، آپ کو حالات دیکھنے کے لیے چین کے سنکیانگ ریجن میں خوش آمدید کہا جاتا ہے، آپ کو ایک مختلف سنکیانگ دیکھنے کو ملے گا۔انہوں نے لکھا کہ مغرب چین کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہا ہے اور مسلمانوں کے جذبات کو اکسا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایک امریکی ٹک ٹاک اسٹار فیروزہ عزیز نے بھی چین کے مسلمانوں کی حالتِ زار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کی ویڈیو بنائی تھی جو خوب وائرل ہوئی تھی۔

مزید : بین الاقوامی