سپریم کورٹ ،سابق صدر پرویز مشرف کو سزااورلاش گھسیٹ کرڈی چوک لانے کیخلاف درخواست دائر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن )سابق صدر پرویز مشرف کوسزااورلاش گھسیٹ کرڈی چوک لانے کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائرکردی ،درخواست نمائندہ انسانی اقبال کاظمی کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق درخواست میں موقف اختیارکیاگیا ہے کہ خصوصی عدالت کے دائرہ اختیار کا آئین اورقانون کے تحت جائزہ لیاجائے ،خصوصی عدالت کے فیصلے سے ملک میں انتشار اوربحران کی کیفیت پیداہوئی ہے جبکہ خصوصی عدالت کے پاس آرٹیکل 6 کے حوالے سے کارروائی کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا،خصوصی عدالت کی تشکیل کو قانون سے متصادم قراردیاجائے۔
درخواست میں مزید کہاگیاہے کہ پیراگراف 66 میں لاش گھسیٹ کرڈی چوک لانے کافیصلہ میت کی توہین ہے ،فیصلے سے عدلیہ کاوقار مجروح ہوااوراداروں کے درمیان ٹکراﺅ کا تاثرپھیل رہا ہے جس سے عوام بھی عدم تحفظ کا شکار ہیں ،درخواست میں وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو فریق بنایاگیا ہے۔