چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے سیکیورٹی رسک قرار دیے جانے پر بھارت تلملا اٹھا
کراچی(ویب ڈیسک)چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے سیکیورٹی رسک قرار دیے جانے پر بھارت تلملا اٹھا بی سی سی آئی کے نائب صدر ماہیم ورما کا کہنا ہے کہ پاکستانی بورڈ پہلے اپنے ملک کی فکر کرے ہم اپنے ملک اور اس کی سیکیورٹی کو سنبھالنے کے صلاحیت رکھتے ہیں۔خزانچی آرون دھمل نے کہا کہ جس شخص کا زیادہ تر وقت لندن میں گزرتا ہو اس کیلئے بھارت پر بات کرنا مناسب نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا تھا کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ انتھک محنت سے بحال ہوئی، سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کے کامیاب انعقاد نے ثابت کیاکہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔آج ہمارے ملک کے مقابلے میں بھارت میں سیکیورٹی رسک زیادہ ہے، بنگلہ دیشی ٹیم نیوزی لینڈ کا دورہ کررہی تھی تو کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں بھی ناخوشگوار واقعات ہوچکے۔ احسان مانی کی جانب سے بھارت کو سیکیورٹی رسک قرار دینے پربی سی بی آئی کے عہدیدار چراغ پا ہوگئے اور شدید ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔
نائب صدر ماہیم ورما نے کہا کہ پی سی بی کو پہلے اپنے ملک میں سیکیورٹی کی فکر کرنا اور اس کے بارے میں سوچنا چاہیے، ہم اپنے ملک اور سیکیورٹی کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بی سی سی آئی کے خزانچی آرون دھمل نے احسان مانی پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کا زیادہ تر وقت لندن میں گزرتا ہو اس کیلئے بھارتی سیکیورٹی پر بات کرنا مناسب نہیں۔