بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا
ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان میں ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے البتہ 7 دن کے دورے میں تین ٹی 20 میچ کھیلنے کیلئے جا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈھاکہ میں بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے سے قبل بی سی بی کے صدر ناظم الحسن نے دیگر بورڈ حکام سے ملاقات کے بعد واضح کر دیا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم فی الحال پاکستان میں ٹیسٹ میچز نہیں کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود غیر ملکی کوچنگ سٹاف ٹیسٹ میچز کیلئے وہاں جانے کو تیار نہیں، البتہ 7 دن کے دورے میں تین ٹی 20 میچ کھیلنے کیلئے جاسکتے ہیں۔
بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں کی مختصر فارمیٹ کے میچز کیلئے ٹیم پاکستان جاتی ہے تو کوچنگ سٹاف یا کھلاڑیوں میں سے ساتھ جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کون کرتا ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو جنوری میں تین ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلنا تھے جبکہ پی سی بی پہلے ہی واضح کرچکا ہے کہ اب اپنی کوئی ہوم ٹیسٹ سیریز ملک سے باہر نہیں کھیلے گا۔