’’گذشتہ رات مجھے وزیر اعظم کے قریبی ساتھی نے پانچ صحافیوں کی موجودگی میں کہا کہ ۔۔۔۔‘‘رانا ثناء اللہ کے حوالے سے سینئر صحافی حامد میر نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک کے معروف صحافی اور سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ گذشتہ رات مجھے وزیراعظم عمران خان کے بہت قریبی ساتھی نے کم ازکم پانچ صحافیوں کی موجودگی میں بتایا ہے کہ اگر ہمارے پاس رانا ثنا اللہ کے خلاف کوئی ویڈیو فلم ہوتی تو کب کی سوشل میڈیا پرلیک ہوچکی ہوتی۔
تفصیلات کےمطابق سینئرصحافی اورتجزیہ کارحامدمیر نےاپنے کالم’’قلم کمان‘‘میں انکشاف کیاہے کہ گذشتہ رات وزیراعظم کے قریبی ساتھی نے پانچ صحافیوں کی موجودگی میں کہا کہ اگر ہمارے پاس رانا ثنا اللہ کے خلاف کوئی ویڈیو فلم ہوتی تو کب کی سوشل میڈیا پرلیک ہوچکی ہوتی ۔حامد میر کا کہنا تھا کہوزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہاتھاکہ اِن کے پاس ویڈیوبھی موجود ہے جبکہ رانا ثنا اللہ کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد اُنہوں نے کہاکہ رانا ثنا اللہ اب بھی ملزم ہیں،ہم نے 17 روز میں تمام ثبوت فراہم کر دیے تھے، 18ویں دن ٹرائل شروع ہونا تھا مگر کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے،میری ذات سے ایک ویڈیو جوڑی گئی، میں نے اور ڈی جی اے این ایف نے پریس کانفرنس کی جس میں میں نے صرف فوٹیج کا لفظ استعمال کیا جس کو غلط رنگ دیا گیا اور ویڈیو کہا گیا۔حامد میر کا کہنا تھا کہ عوامی حلقے حیران ہیں کہ وزیر موصوف فوٹیج اور وڈیو میں کیا فرق تصور کرتے ہیں ؟موجودہ حکومت نے نیب اور اے این ایف کے ذریعے اپنے سیاسی مخالفین کوانتقام کا نشانہ بنا رکھا ہے،ایسے ایسے بھونڈے مقدمات قائم کئے گئے جن کو عدالت میں ثابت کرنا مشکل نہیں بلکہ ناممکن دکھائی دیتا ہےاور جس شخص نے پوری دنیا کے سامنے آئین کو معطل کیا ،اُسے چھ سالوں میں 125 سماعتوں کے بعد عدالت نے سزا سنائی،اُس عدالت کے خلاف حکومت کے وزیر قانون نے اعلان جنگ کر دیا،اب آپ زرا سوچئے کیا قائدِ اعظم کے پاکستان میں آئین اور قانون کو مذاق نہیں بنا دیا گیا ؟۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نےدو روز قبل رانا ثنا اللہ کی منشیات برآمدگی کیس میں درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا گذشتہ روز چھٹی کی وجہ سے رانا ثنا ء اللہ کی رہائی نہ ہو سکی تاہم آج انہیں کیمپ جیل سے رہا کر دیا گیا ،رانا ثناء اللہ کی رہائی عدالت کی جانب سے جاری کی گئی روبکار کیمپ جیل پہنچانے کے بعد عمل میں آئی،رانا ثناء اللہ کی رہائی کے دوران جیل کے باہر موجود لیگی کارکنوں نے نعرے بازی بھی کی اور ان کی گاڑی پع پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔