”ایشیاءالیون کا حصہ بننے سے خود انکار کیا ہے کیونکہ۔۔۔“ پی سی بی نے حقیقت بتا دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شیخ مجیب الرحمان کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر بنگلہ دیش میں شیڈول دو ٹی 20 میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عدم شمولیت سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے خود ان میچوں میں شرکت سے معذرت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ مجیب الرحمان کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر بنگلہ دیش میں ایشین الیون اور ریسٹ آف ورلڈ الیون کے مابین 2 میچ کھیلے جائیں گے جس کیلئے ایشیاءالیون میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو شامل نہ کرنے کافیصلہ کیا گیا اور یہ تاثر دیا گیا کہ ایسا بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے کیا ہے تاہم پی سی بی نے اس تاثر کو غلط قرار دیدیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے میچز کا دعوت نامہ ملا تھا جو اگلے برس 16 اور 17 مارچ کو شیڈول ہیں لیکن میچز کی تاریخیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متصادم تھیں جس کے باعث ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے گزشتہ اجلاس میں ان میچوں میں شرکت کیلئے معذرت کر چکے ہیں۔
پی سی بی نے کہا کہ بنگلہ دیش سے ان میچوں کی تاریخیں تبدیل کرنے کیلئے کہا تھا لیکن یہ ان کیلئے ممکن نہیں تھا جبکہ پی ایس ایل کا پانچواں سیزن 22 مارچ تک جاری رہے گا اس لئے پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی اس میچز میں شرکت ممکن نہیں تھی، لہٰذا ہم نے شرکت سے معذرت کر لی اور اس حوالے سے کوئی اور تاثر دینا درست نہیں ہے۔