پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب،دونوں برادر ممالک امن کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں:ڈاکٹریوسف احمد الدرویش

پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب،دونوں برادر ممالک امن کے فروغ کے لیے کام ...
پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب،دونوں برادر ممالک امن کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں:ڈاکٹریوسف احمد الدرویش

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدرویش نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں,دونوں برادر ممالک  اعتدال،رواداری اور امن کے فروغ کےلیےکام کررہے ہیں جسکے بہترین نتائج سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ تحقیقات اسلامی اسلامک یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے  ہوئے احمد یوسف احمد الدرویش نےکہاکہ پاکستان اللہ کی ایک نعمت ہےجسکی حفاظت کےلیےضروری ہے کہ نوجوان جدید علوم وفنون میں مہارت حاصل کریں تاکہ زندگی کے ہر شعبےمیں خود کفالت کےحصول کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام میانہ روی اور برداشت کا دین ہے،جسکا مقصد بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود ہے,عدم برداشت اور انتہا پسندی ایسے عوارض ہیں جن کا دین مبین اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ مسائل غیروں کی مداخلت اور مذموم مقاصد کی وجہ سے پیدا ہوئے,اسلامی یونیورسٹی نے اسی مقصد کے لیے جید علمائے کرام کے تعاون سے’ پیغام پاکستان‘ جیسی جامع دستاویز مرتب کی جس میں قرآن وسنت کی روشنی میں اس عہد کے مسائل کا تجزیہ کر کے واضح کیا گیا کہ انتہا پسندی اور عدم برداشت کا باہم کوئی تعلق نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’ پیغام پاکستان ‘کے نتیجے میں نئی نسل کے ذہنوں میں اسلام کا اصل پیغام واضح ہو جائے گا اور مذموم مقاصد کے لیے منفی پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر کی نہ صرف حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ ایسے لوگ بے نقاب ہو کر معاشرے میں ہیجان پیدا کرنے کے قابل نہیں رہیں گے، یہ کام ایک تحریک کی صورت میں جاری رہنا چاہئے جس کے نتیجے میں اتحاد امت کے مقاصد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہ پاکستان اپنے محل وقوع، شاندار افرادی قوت اور زندگی کے مختلف شعبوں کے ممتاز ماہرین کی وجہ سے عالم اسلام کی قیادت کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب ایسے ممالک ہیں جن کی دوستی عالم انسانیت کے لیے باعث خیر و برکت ہے اور ہرقسم کی مصلحتوں سے بالاتر ہے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد