اسد قیصر کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ مدنیہ منورہ کا دورہ ،روضہ رسول ﷺپر حاضری اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ مدنیہ منورہ کا دورہ کیا،پاکستان کا پارلیمانی وفد سعودی شوری کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الشیخ کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہے،وفد کے ارکان دارالحکومت ریاض میں اپنی سرکاری مصروفیات مکمل ہونے کے بعدمدینہ منورہ پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ریاض میں قیام کے دوران وفد نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے علاوہ شوری کونسل کا دورہ کیا اور چیئر مین سعودی شوری کونسل اور شوری کے ممبران سے ملاقاتیں کیں ۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کے علاوہ مسئلہ کشمیرکی تازہ صورتحال اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پرقابو پانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺپر حاضری دی اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ ، خصوصا کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔