بچوں کو بیماریوں سے محفوظ کرنے کے لیے ویکسی نیشن کے قابل عمل منصوبے کی تیاری کا آغاز
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب بھر میں بچوں کو بیماریوں سے محفوظ کرنے کے لیے جامع ویکسی نیشن کے قابل عمل منصوبے کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے،سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں اجلاس کے دوران جامع ویکسی نیشن کے قابل عمل منصوبے کے بارے میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کی سربراہی میں اجلاس کے دوران تمام ویکسی نیٹرز کی لوکیشن کو جیو ٹیگ کے ذریعے مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،مانیٹرنگ سے ویکسی نیٹر کے ہر علاقے میں پہنچنے کو یقینی بنایا جائے گا۔مزید برآں اپنی مرضی کے علاقوں میں مانیٹرنگ کے لیے جانے والوں کی نشاندہی کر کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہناتھا کہ عام آدمی کی سہولت کے لیے ویکسی نیٹر کو محکمہ کی طرف سے مخصوص وردی دی جائے گی۔ علاوہ ازیں ویکسی نیٹر کی موٹر سائیکل پر اعلان کرنے کیلئے میگا فون بھی لگوائے جائیں گے کیونکہ بہت سے علاقوں میں ویکسی نیٹر پہنچنے کے باوجودعوام کو اطلاع نہیں مل پاتی۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے واضح کیا کہ بچوں کو بیماریوں سے محفوظ کرنا اور ویکسی نیٹر صوبے کے ہر کونے میں پہنچانا پہلا ہدف ہے،اگر ویکسی نیشن وقت پر ہو تو بچوں کی قیمتی زندگیوں کو بیماریوں سے محفوظ کیا جا سکتا ہےسستی کر کے بچوں کی زندگی کے ساتھ کھیلنے والوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے،میگا پلان جلد لانچ کریں گے اوربچوں کو 100فی صد ویکسی نیٹ کرنے کا ہدف انشااللہ پورا کیا جائے گا۔