کراچی میں سردی کی شدت برقرار، درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان

Dec 26, 2024

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کی سرد ہواؤں کے باعث کراچی میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شمال مشرقی سمت سے ہلکی سے درمیانی رفتار کی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔بدھ کوشہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 اور کم سے کم 10 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ شہر قائد میں اگلے دو روز تک تیز یخ بستہ ہوائیں چل سکتی ہیں۔منگل 24 دسمبر کو شہر میں دن بھر معمول سے تیز بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلیں، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 2.5 ڈگری کم ہوا۔دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایاکہ رواں سال سرد موسم کے دوران بارش اور برفباری کم ہونے کا امکان ہے تاہم جنوری کے دوسرے ہفتے میں سردی بڑھ سکتی ہے۔چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی میں آج(جمعرات) تیز ہوائیں چلیں گی۔

مزیدخبریں