اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 4 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی۔
نجی ٹی وی چینل دنیانیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ڈیوٹی جج شبیر بھٹی نے پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے احتجاج پر بشریٰ بی بی کیخلاف درج مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، سابق خاتون اول اپنے وکلاء کے ہمراہ کمرہ عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت 13 جنوری تک منظور کرلی، عدالت نے 50، 50 ہزار روپے کے مچلکوں کی عوض ضمانت منظور کی۔
یاد رہے کہ بشریٰ بی بی کیخلاف تھانہ ترنول میں ایک اور 3 مقدمات تھانہ رمنا میں درج ہیں۔